سندھ حکومت کا کل 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

381

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے کل(جمعہ) کے روز 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق محکمہ داخلہ سندھ نے 30 اپریل تک لاک ڈاؤن کی تفصیلات جاری کردیں جس میں بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کا نفاذ 30 اپریل تک جاری رہے گا،تعلیمی ادارے، شاپنگ سینٹر، سنیما، مارکیٹیں، ریسٹورنٹ بند ہوں گے۔

اعلامیہ کے مطابق ڈیلیوری رائیڈر کو اجازت ہوگی،پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند ہوگی، شام 5 سے 8 بجے تک گھروں سے غیرضروری باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کھانے پینے کی چیزوں اور گڈز ٹرانسپورٹ کو اجازت ہوگی، کار میں صرف 2 لوگوں کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی،تیسرا شخص ماسوائے مریض کے بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسی طرح جمعہ کے دن 12 بجے سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا،اشیا خوردونوش کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق مساجد میں 3 سے 5 لوگ باجماعت نماز ادا کرسکیں گے،ڈرائی کلینرز کے لیے متعلقہ ڈی سی سے اجازت نامہ حاصل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کو پھیلاؤ کو روکنے کے لیے گزشتہ 2 ہفتے سے جمعہ کے روز اجتماعات پر پابندی عائد ہے، گزشتہ روز مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا تھا کہ جمعہ کی نماز اور رمضان المبارک تراویح جاری رہے گی۔