راولپنڈی(اے پی پی) صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور علمائے کرام 18اپریل کو اچھا فیصلہ کریں گے،حکومت کی متوازن حکمت عملی سے کورونا کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملی ہے جبکہ ملکی معیشت کے بعض اہم شعبوں کو کھولنے سے لوگوں کے روزگار کے مواقع بھی میسرآئیں گے، عوام موجودہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے ڈسپلن کا مظاہرہ کریں اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، ہماری قوم ماضی کی طرح اس آزمائش سے سرخرو ہو کر ابھرے گی۔ انہوںنے کہاکہ علمائے کرام سے مل کر تراویح اور نمازوں سے متعلق اچھافیصلہ کیاجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد، معاون خصوصی برائے سماجی بہبود ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور عون عباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر مملکت نے غریب اور محنت کش طبقہ کے لیے رمضان ریلیف پیکج کا اہتمام کرنے پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ نیک کاموں کی تشہیر سے لوگوں میں امید پیدا ہوئی اور انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کے لیے کام ہو رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ یہ اقوام کے لیے آزمائش کا وقت ہے تاہم مجھے یقین ہے کہ ہماری قوم اس مشکل وقت سے ابھر کر نکلے گی ۔