کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری)وزیراعظم کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 17اپریل سے دیے گئے رمضان پیکیج پر عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔
جس کی وجہ سے پہلے دن شہریوں کو رمضان پیکیج کا فائدہ نہیں ہوا کراچی کے بیشتر یوٹیلیٹی اسٹوروں پر جمعہ کو بھی رمضان پیکیج سے قبل کی قیمت پر اشیائے ضروریہ فروخت کی گئیں جو رمضان پیکیج سے مہنگی تھیں۔
ریجنل منیجر نے رمضان پیکیج پر عملدرآمد سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ایک بڑا شہر ہے،تقریبا 95سے زاید یوٹیلٹی اسٹورز قائم ہیں،اس لئے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاءکی ترسیل میں معمولی تاخیر ہوسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن گلستان جوہررابعہ سٹی میں جمعے کےروز روزمرہ کے استعمال کی 19اشیاء میں سے آٹا،بناسپتی گھی،چاول اور دیگرمتعدد اشیاء یوٹیلٹی اسٹورزپر موجود ہی نہیں تھی اور جواشیاء موجود بھی تھی تو وہ رمضان پیکیج سے قبل کی قیمت پر فروخت ہورہی تھی جو رمضان پیکیج سے مہنگی تھیں۔
سستی اشیاءکی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹوروں کیلئے رمضان پیکیج کا اعلان تو کردیا ہےمگر شہر کے بیشتر یوٹیلٹی اسٹوروں پر گھی،آٹا، چینی اور مختلف دالیں نایاب ہیں اورخریداری کیلئے آنے والے شہری خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔
اس وقت کراچی میں تقریبا 95 سے زاید یوٹیلٹی اسٹورز قائم ہیں جن میں اکثر پر چینی،آٹا، دالیں، چاول اور گھی و آئل سمیت دیگر اشیا ءدستیاب ہی نہیں ہیں جبکہ جن اسٹوروں ہر اشیائے ضروریہ دستیاب ہیں وہاں رمضان پیکیج پر عملدرآمد نہیں کر ایا گیا ہے۔
اس حوالے سےصارفین کا کہنا ہے کہ کراچی کی تقریباً ڈھائی کروڑ کی سے زاید آبادی کے لئے صرف 95 یوٹیلٹی اسٹورز سے صارفین کو کیا فائدہ ہوگا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان ریلیف پیکیج کےتحت عوام کوآٹا،چینی،گھی،آئل،چاول اور دالوں پر سبسڈی دینے کے دعووں پر ابھی تک عمل درآمد نہیں کیا جا سکا ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز پر موجود صارفین کا مزید کہنا تھا کہحکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان پیکیج کے تحت اشیائے صرف کا نرخ نامہ تو لگا دیا مگر اس قیمت پر فروخت کو بھی یقینی بنائے۔
صارفین کہتے ہیں کہ صرف رمضان پیکیج کا اعلان کافی نہیں ہے،ان اشیاءکی مسلسل ترسیل بھی ضروری ہے۔
صارفین حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محض دعووں کی بجائے حقیقی معنوں میں اشیاءخورونوش کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے انہیں سہولیات فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب یوٹیلٹی اسٹورز کےریجنل منیجرنارتھ جاوید خان نے فوری طور پر رمضان پیکج پرعملدرآمد سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ایک بڑا شہر ہے،یوٹیلٹی اسٹورز کو دو ریجن میں تقسیم کیا گیا ہے۔
کراچی میں تقریبا 95سے زاید یوٹیلٹی اسٹورز قائم ہیں،اس لئے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء کی ترسیل میں معمولی تاخیر ہوسکتی ہے۔
جمعے کو کراچی کے بعض اسٹورز پر اشیاء کی فراوانی اورشہریوں کو ریلیف فراہم کی گئی ہےاس طرح دیگر یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی صورتحال جلد بہتر ہوجائے گی۔