بھارت کو ہارپون میزائلوں کی فروخت

254

پوری دُنیا کورونا وائرس سے جنگ لڑ رہی ہے لیکن بھارت اور اسرائیل میں مسلمانوں کے خلاف جنگ لڑی جا رہی ہے۔ تازہ حملے میں امریکا نے بھارت کو امریکی ساختہ ہارپون میزائل فروخت کر دیے ہیں جن پر پاکستان نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے خطے کے عدم استحکام کا سبب قرار دیا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے روایتی طریقہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کی سلامتی کی ابتر صورتحال مزید خراب ہو گی۔ بیان میں امریکی میزائل کی فروخت کو کورونا وائرس کے خلاف عالمی جنگ کے تناظر میں پریشان کن قرار دیا گیا ہے۔ لیکن بھارت اسرائیل امریکا گٹھ جوڑ کبھی کسی عالمی مسئلے کی وجہ سے مسلمانوں کے خلاف کسی کام سے رکے ہیں۔ بھارت تو مسلسل کشمیریوں پر مظالم میں مصروف ہے۔ صرف ساڑھے آٹھ ماہ کا لاک ڈائون ہی سمجھانے کے لیے کافی ہے۔ اس پر طرہ ہندوئوں کو لا بسانے ان کو خصوصی مراعات دینے اور ان کے لیے کشمیر کا شہری ہونے کی شقیں سب کچھ تو ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں کی بستیوں کو ایک ایک کرکے مسمار کر رہا ہے اور اپنی بستیاں بسا رہا ہے۔ معاملہ یہ نہیں ہے کہ امریکا بھارت اور اسرائیل کیا کر رہے ہیں اصل مسئلہ یہ ہے کہ پاکستان اور امت مسلمہ کے نام نہاد لیڈر کیا کر رہے ہیں۔ ان کا کام صرف تشویش ظاہر کرنا اور حالات کی خرابی کی اطلاع دینا ہے یا اس سے آگے بڑھ کر بھی کوئی کام کریں گے۔