کراچی: لاک ڈاؤن کا 30 واں روز، مارکیٹیں، بازار، کاروباری مراکز بند

397

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں لاک ڈاؤن کا آج 30 واں روز ہے،شہر بھر میں مارکیٹیں،بازار اور کاروباری مراکز بند پڑے ہیں۔

کراچی میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران شہر کی سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے اور شہر بھر کے کاروباری مراکز بند ہیں۔

لاک ڈاؤن کے دوران صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوٹلز اور کھانے پینے کی دکانوں کو کھلنے کی اجازت دے دی گئی ہے،پٹرول پمپ بھی کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

کراچی کی صنعتوں میں پیداوراری عمل شروع ہوتے ہی فیکٹریز میں ملازمین کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

تاہم فیکٹریوں کو کورونا ایس او پیز کا پابند بنایا گیا ہے، گزشتہ روز 2 فیکٹریز کو ایس او پی کی خلاف ورزی پر تالا بند کر دیا گیا تھا، آج فیکٹریز میں ایس او پی پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

کورنگی میں فیکٹریز کے باہر حفاظتی اقدامات کے بعد ملازمین کو داخلے کی اجازت دی گئی، فیکٹریوں میں ملازمین کو سینیٹائزر گیٹ سے گزارا گیا۔

ادھر شہر میں ڈبل سواری پر استثنیٰ کی رعایت ختم کر دی گئی ہے، اب ڈبل سواری کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی تاہم سڑکوں پر خود پولیس اور ٹریفک اہل کار اس ضابطے کی خلاف ورزی کرتے نظر آ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ محکمہ داخلہ نے 7 صنعتی علاقوں سے فیکٹریوں کے مالکان کی درخواست پر مزید 82 برآمدی فیکٹریوں کو جمع کرائی گئی انڈر ٹیکنگ کے تحت کام شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

اس سے قبل 69 برآمدی یونٹس کو کام کی اجازت دی گئی تھی، صنعتی علاقوں میں مجموعی طور پر 151 برآمدی یونٹس کو کام شروع کرنے کی اجازت مل چکی ہے۔