ماہ رمضان کا چاند، رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 23 اپریل کو ہوگا

517

کراچی(اسٹاف رپورٹر)رمضان المباک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا گیا ،جس میں چاندنظر آنے یا نہ آنے سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 23 اپریل بروز جمعرات ہوگا ،مفتی منیب الرحمان اجلاس کی صدارت کریں گے۔

ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ تمام زونل کمیٹیوں کا اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرزمیں ہوگا،جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کردیے گئے ہیں۔

ملک کے مختلف حصوں سے ملنے والی شرعی شہادتوں کی بنیاد پر رمضان کے چاند کا فیصلہ کیا جائے گا اور مفتی منیب الرحمان چاند کی رویت کے حوالے سے باضابطہ اعلان کریں گے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کو چاند نہ نظر آنے کی پیش گوئی کی ہےاور کہا پاکستان میں پہلا روزہ ہفتے کو ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 24اپریل کو رمضان کا چاند نظر آجائے گا اور انشااللہ 25 اپریل کو پہلا روزہ ہو گا، پہلے ارادہ تھا چاند دیکھنے کیلئے اس بار لوگوں کو اکٹھا کریں گے ،اب کورونا نے ہر اجتماع کینسل کرا دیا، انشاللہ اگلے سال موقع ملا تو چاند رات کی تقریبات کریں گے۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے 2 ماہ قبل ہی رمضان المبارک اور عید الفطر کی تاریخوں کا اعلان کیا جس کے مطابق امارات سمیت تمام خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز 24 اپریل جبکہ عید الفطر 24 مئی کو ہوگی۔