راولپنڈی(اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ نیب میں میرے 2 موکل ہیں میں نے یہ بات مذاق میں کی تھی،وزیراعظم کو تمام مخالفین سے صلح کا مشورہ دیا ہے ،مراد علی شاہ کو کہا ہے کہ گرفتار لوگوں کو چھوڑ دیں،اس وقت کوئی سیاست کی طرف نہیں دیکھ رہا۔لوگ ملک کی طرف دیکھ رہے ہیں اس وقت سیاست نہیں ہونی چاہیے ،ایک اور نیک ہو کر ایک اسٹریٹیجی اپنانی چاہیے اور لوگوں کو ایک لائن اور لینتھ پر بولنا، کھیلنا ہے ،دنیاناکام اور کورونا بڑھ رہاہے۔ہمیں اس طرح غریب اور سفید پوش کو بچانا ہے کہ دنیا کو کورونا سے نقصان بھی نہ ہو اور وہ بھوک سے بھی نہ مرے مخیر حضرات اور بڑے اداروں کو وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات دینے چاہیں ۔ ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے منگل کو راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی میں قائم کورونا اسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے مشورہ دیا ہے کہ یہ صلح کا وقت ہے ، رمضان آرہاہے۔ہمیں تما م سیاسی مخالفین اور میڈیا کے ساتھ اپنے تمام اختلافات کو بھول کر صلح کر لینی چاہیے،عید کے بعد یا جب یہ کورونا چلا گیا تو سیاست کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کورونا کی وجہ سے پاکستان نہیں آیا کورونا کی فلائٹ پہ آیا ہے ،وہ یہاں ایک نیشنل گورنمنٹ کا خواب لے کر آیا تھا ،اسے پتا نہیں تھا کہ اس کے خلاف اتنے سیریس کیس ہیں ،میں نے مذاق میں ایک بات کہی ،نیب نے سیریس لے لیا ، میرے سنگل کالمی بیان کو سات کالمی بنادیا گیا۔قبل ازیں انہوں نے اسپتال بارے مکمل بریفنگ لی۔