ذخیرہ اندوز بغیروارنٹ گرفتارکیے جائیں گے،آرڈیننس نافذ

120

پشاور(اے پی پی)پختونخوا میں ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے آرڈیننس نافذ کر دیا گیا،اشیاے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا جائے گا اور 3 سال قید اور ذخیرہ شدہ مال کے 50 فیصد کے برابر جرمانے کی سزا دی جائے گی ، ضبط شدہ اشیا کو نیلام کیا جائے گا، آرڈینس کے مطابق متعلقہ ڈپٹی کمشنر مصدقہ اطلاع پر کسی بھی ایسی جگہ جہاں پر ذخیرہ شدہ مال موجود ہوگا بغیر اجازت داخل ہوکر ذخیرہ شدہ مال کو تلاش کر سکے گا، ذخیرہ اندوزی کی اطلاع دینے والے کو ذخیرہ شدہ مال کا 10 فیصد بطور انعام دیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل خان وزیر نے سول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ افغانستان سے آج طورخم بارڈر کے راستے 520 پاکستانی داخل ہوئے ہیں جنہیں ڈگری کالج لنڈی کوتل اور شاہ کس میں قرنطینہ کیا گیا ہے ، صوبے میں 24 گھنٹوں میں 39 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، مجموعی تعداد 1276 ہوگئی، 302 کورونا سے متاثرہ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 اموات ریکارڈ کی گئی جس سے کل تعداد 74 ہو گئی۔ اجمل وزیر نے کہا کہ عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کی مدد اور رحم سے بہت جلد اس وبا پر قابو پا لیں گے۔