کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری)رمضان المبارک قریب آتے ہی واٹربورڈ عملے نےٹینکرمافیا سے گٹھ جوڑ کرکےکورنگی میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کردیا گیا ہے۔
گذشتہ 5 روزسے کورنگی میں پانی کی فراہمی بند کردی گئی ہے رمضان اورعید سے قبل سیزن کمانے کے لیے واٹربورڈ کورنگی کے افسران نے سیاسی طورپربااثرملازمین کو کھلی چھوٹ دے دی ہے۔
پانی بند ہونے کے باوجود کورنگی میں سڑکوں پرپانی کےنجی ٹینکرز برائے فروخت کرنے کے لئے موجود ہیں۔
رمضان المبارک سے قبل حسب معمول کورنگی میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کردیا گیا ہے جبکہ پانی کی عدم فراہمی کی شکایت پرچیف انجینئر،ایکسئین کورنگی اور بااثرمقامی عملہ کے سامنے بے بس ہوگئے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے کورنگی میں پانی کی بندش کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق کورنگی میں ناصرکالونی،کورنگی کراسنگ،سیکٹر30 ، 31 سمیت دیگر مختلف علاقوں میں پانی کا مصنوعی بحران واٹربورڈ کورنگی کے مقامی ملازمین کا پیدا کردہ ہے جوٹینکرمافیااور فیوچر کالونی ہائیڈرنٹ انچارج کی ملی بھگت مصنوعی بحران پیدا کردیتے ہیں۔
کورنگی کے مختلف سیکٹرز میں گذشتہ پانچ روز سے پانی کی فراہمی بند کردی گئی ہےلیکن دوسری جانب کورنگی میں ضیا ء کالونی،قیوم آباد چورنگی،عبدالخالق اللہ والا ٹاؤن،ناصرکالونی،چکراگوٹھ،گودام چورنگی،چمڑا چورنگی،سنگرچورنگی اطراف کے علاقوں میں مرکزی شاہراہوں پرپانی سے بھرے ٹینکر اورچھوٹی گاڑیاں پانی فروخت کرنے لئے موجود ہیں،
جبکہ مقامی پولیس اورضلعی انتظامیہ ٹینکرزکے خلاف پانی فروخت کرنے پرکارروائی کی بجائے رشوت لیکرخاموش ہے۔
واٹربورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورنگی میں واٹربورڈ کے مقامی بااثراہلکاروں اورہائیڈرنٹ انچارج کی خلاف قانون سرگرمیوں پرکارروائی چیف انجینئر کے بس کی بات نہیں ہے۔
جس کی وجہ سے رمضان المبارک سےقبل پانی چورمافیا نے واٹربورڈ کورنگی کے مقامی اہلکاروں سے ملکرعوام کا پانی ٹینکرمافیا اورپانی چوروں کوفروخت کردیا ہے اورعدالتی پابندی کے باوجود بھی رات کے اندھیرے میں کورنگی چکرا گوٹھ ہائیڈرنٹ سے بھی ٹینکرمافیا کوپانی فراہم کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب گذشتہ 5 روز سےپانی کی بوند بوند کو ترستے کورنگی کے مکینوں کو 3000 سے 5000 ہزار روپے فی ٹینکرمہنگے داموں پانی خریدنے پرمجبورکیا جارہا ہے۔