کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 23 اپریل جمعرات کے روز موسم گرم اور خشک رہے گا۔
جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اورگرم رہے گا۔ تاہم شمال مشرقی بلوچستان، بالائی سندھ ،جنوبی پنجاب، کشمیر اورملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔شہر میں جنوب مغرب سے ہوائیں 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
صبح کے اوقات میں کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آج موسم ابر آلود رہے گا۔ جہاں صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث شہر اور ملحقہ علاقوں میں صبح کے اوقات میں موسم میں ہلکی خنکی پائی گئی۔
میٹ آفس کے مطابق مئی کے آغاز میں آندھیوں اور بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جب کہ آئندہ 3 روز تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔آئندہ ہفتے بادل چھائے رہنے،ٹھنڈی ہوائیں چلنے اور بارش ہونے سے موسم بہتر ہوگا۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا،تاہم ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مئی کے پہلے اور دوسرے ہفتے میں آندھیوں سمیت بارش کا امکان ہے جس کے باعث شہر کا درجہ حرارت 35 سے 37 سینٹی گریڈ رہے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مئی کے آخری ہفتے میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا، تاہم آدھا رمضان اچھے موسم میں گزرے گا۔ گزشتہ روز لاہور کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔