ان13155رہ (انٹرنیشنل ڈیسک)ترکی کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے محصورین کے لیے امدادی سامان اور ادویات کی بھاری کھیپ لے کر ایک بحری جہاز فلسطین کی طرف روانہ ہوگیا ہے ۔ سامان سے لدا بحری جہاز عید الاضحی سے قبل ہی فلسطین پہنچ جائیگا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ترک شعبہ حادثات و ایمرجنسی ’آفاد‘ کی جانب سے جمع کیے گئے 25ہزارٹن امدادی سامان کو ایک بحری جہاز پرلاد کر ترکی کی ’مرسین‘ بندرگاہ سے روانہ کیا گیا ہے۔ یہ امداد اسرائیل کے ساتھ ترکی کے سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد فلسطینیوں کے لیے 2 ماہ میں دوسری بڑی کھیپ ہے۔ نئے امدادی مشن کوکلیپ کا نام دیا گیا ہے ۔ اس سے قبل جولائی میں ایک امدادی جہاز ’لیڈی لیلیٰ‘ کے نام سے سیکڑوں ٹن امدادی سامان لے کر غزہ پہنچ چکا ہے جسے ترک صدر اور وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اس وقت روانہ کیا گیا تھا جب ترکی اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے موقع پر اسرائیل نے غزہ کی پٹی پرعاید پابندیوں میں نرمی کرنے اور ترکی کے امدادی سامان کو غزہ تک پہنچانے کی شرط بھی قبول کی تھی۔