بلدیہ عظمیٰ کراچی کےدفاتر کھولنے کا فیصلہ،نوٹیفکیشن جاری

289

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دفاتر کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے،جس کے تحت میئر،ڈپٹی میئرسیکریٹریٹ،میونسپل کمشنرز سمیت دیگر محکموں کے دفاتر کھولے جائیں گے،فیصلہ تنخواہوں اور پنشنز کی ادائیگیوں کیلئے کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے باعث بند کئے گئے دفاتر کھولنے کا نوٹیفکیشن بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ کے سینئر ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کےمطابق ملازمین کوتنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کیلئے دفاتر کھولے جارہے ہیں اس دوران آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری بھی کی جائیگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جو دفاتر کھولے جارہے ہیں ان میں میئر، ڈپٹی میئر سیکریٹریٹ، میونسپل کمشنر، محکمہ کچی آبادی، محکمہ لینڈ، محکمہ انسداد تجاوزات، محکمہ اسٹیٹ، اورنگی ٹاؤن شپ اور ویٹرنری کے دفاتر شامل ہیں،محکمہ ایچ آر اور میڈیا مینجمنٹ کے دفاتر بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ دفاتر میں کسی قسم کا ہجوم لگانے کی اجازت نہیں ہوگی،سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کیلئے حکومت سندھ کی ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے گا۔