کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)حکومت بلوچستان کا صوبے بھر کی رجسٹرڈ مساجد کو رمضان المبارک میں معاونتی پیکیج دینے کا فیصلہ۔محکمہ داخلہ کو فوری طور پر پیکیج کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی گئی ۔وزیرا علیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کی مساجد میں نماز تراویح کے لیے علما کرام کے تعاون سے طے شدہ 20 نکاتی ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔عوام بھی نماز تراویح کے طے شدہ طریقہ کار کی پابندی کریں۔لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال کو برقرار رکھا جا ئے گا۔لاک ڈاؤن کی دانستہ خلاف ورزی کرنے والے عادی افراد کو پی سی ایس آئے آر لیبارٹری میاں غنڈی میں بند کرکے ان کے کوروناوایرس ٹیسٹ کیے جائیں گے۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کردی گئیں۔ بلدیاتی اداروں اور حکومت کے دیگر محکموں کی ملکیتی دکانوں کے کرایہ داروں کو کرایہ کی مد میں دو ماہ کی چھوٹ دی جا ئے گی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پولیس عوام میں ماسک کے استعمال کے فوائد اجاگر کرے گی اور ناکوں پر عوام کو حکومت کی جانب سے ماسک بھی فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ بیروں ممالک پھنسے بلوچستان کے لوگوں کو وطن واپسی پر اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں قرنطینہ اور ٹیسٹ کی سہولت کی فراہمی کے لیے وفاق پنجاب اور سندھ حکومتوں سے رابطہ کیا جائے گا۔