کراچی میں گرین اور اورنج لائن منصوبوں کی راہ میں آنے والی پائپ لائنوں کی منتقلی کے باعث مختلف علاقوں میں گیس بند کردی گئی۔
گرین اور اورنج لائن منصوبوں کی راہ میں آنے والی پائپ لائنوں کی منتقلی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے سائٹ ایریا، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، بفرزون اور یو پی موڑ سمیت اطراف کے علاقوں میں صبح 6 بجے سے گیس کی فراہمی معطل ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو چھٹی کے روز شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
لوگوں کی بڑی تعداد نے گیس کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے ناشتہ بازارسے خریدا۔دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں گرین اور اورنج لائن میٹرو منصوبوں میں جاری کام کی راہ میں 20انچ قطر کی گیس لائن آرہی تھی جسے دوسری جانب منتقل کیا جارہا ہے۔
جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہے جس پر وہ اپنے صارفین سے معذرت خواں ہیں، جیسے ہی کام مکمل کرلیا جائے گا شہریوں کو گیس کی فراہمی بھی بحال کردی جائے گی۔