مقبوضہ کشمیر میں 56 ویں روز بھی کرفیو

271

مقبوضہ کشمیر میں 56 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے جبکہ ضلع اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرین پر بھارتی فورسز کی پیلٹ فائرنگ سے ایک اور نوجوان باسط احمد آہنگر شہید ہوگیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق باسط احمد ضلع کے علاقے ویسو قاضی گنڈمیں پرامن مظاہرین پر فائرنگ سے شدید زخمی ہوا۔ نوجوان کو علاج کے لیے ضلع ہسپتال اسلام آباد پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

دریں اثناء سرینگر میں ہفتے کی شام ایک نوعمر لڑکے کی لاش دریائے جہلم سے برآمد کی گئی ہے جس کے چہرے اور کمرپر پیلٹ کے زخم موجود تھے۔نوجوان کی عمر تقریباً 15سال بتائی جاتی ہے۔ ان دو نوجوانوں کی شہادت سے مقبوضہ کشمیر میں 56روز سے جاری احتجاجی تحریک کے دوران شہید ہونے والے شہریوں کی تعداد90ہوگئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی فورسز اہلکاروں نے شوپیاں کے گاؤں پنجورہ میں آزادی کے حق میں نکالی جانے والی ایک ریلی کے شرکا پر شدید فائرنگ ، لاٹھی چارچ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے سو سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔

شوپیاں قصبے میں میں بھی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ مشتعل مظاہرین نے قصبے میں ڈپٹی کشمیر کے دفتر کی عمارت نذر آتش کر دی۔