دردانہ صدیقی
اپنے اہداف کے حصول کے لیے پانی کی طرح چٹانوں کے درمیان سے بھی راستے بنا لیتا ہے لہٰذا حلقہ خواتین کی جانب سے امسال رمضان کی منصوبہ بندی میں تمام سوشل میڈیا کے ذرائع استعمال کرتے ہوئے آن لائن پروگرامات کا انعقاد کیا جارہا ہے، جس میں استقبال رمضان کے پروگرامات، روزانہ دورہ تفسیر القرآن از مولانا مفتی عطاء الرحمن صاحب، مختصر نکات پر مبنی دورہ قرآن، تینوں عشروں کے پروگرامات، نوجوانوں کے لیے علیحدہ دورہ قرآن، یوتھ واٹس ایپ شارٹ کورس، علاقائی زبانوں میں خصوصی دروس، تکمیل ِ قرآن پر دعا کا پروگرام اور عید کا پیغام شامل ہیں۔ یہ تمام پروگرامات طے شدہ تاریخوں میں سوشل میڈیا، واٹس ایپ اور جماعت کی ویب سائٹس پر جاری کیے جائیں گے۔
میری جنت کی طلب گار بہنو! پکارنے والا تو صدا لگا رہا ہے کہ اے خیر کے طلب گار آگے بڑھ، اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ ان پروگراموں سے بھر پور استفعادے کی شکل بنائی جائے۔ اپنے اہل خانہ، خاندان سمیت تمام دعوتی دائرہ کار میں متعین افراد، پڑوسی، دوست، احباب، بیرون ملک مقیم ہمارے روابط، ان تمام دائروں میں پروگرامات کی ترسیل کی جائے۔ ساتھ ہی ان افراد سے مستقل رابطے اور فالواپ کا نظام بنایا جائے۔ ہر فرد بیس سے پچیس افراد پر مبنی واٹس ایپ گروپ کی تشکیل کرے اور ان تک پروگرامات پہنچانے کی ابتدا اس ماہ ِ مبارک سے کرے۔ سب سے پہلے ہم اپنے ذاتی توشہ ایمان اور تقویٰ کی آبیاری کی منصوبہ بندی اور اس کے لیے اہداف تیار کریں۔ مثلاً منتخب سورتوں کا حفظ، دیے گئے نصاب کا مطالعہ، قیام اللیل کا اہتمام، دعائوں کا یاد کرنا اور کثرت سے اہتمام کرنا، اعتکاف میں بیٹھنا، ان تمام امور کی انجام دہی سے رب کو راضی کرنے کی کوشش کرنا اور اپنے اور رب کے درمیان تعلق کو پروان چڑھانے کی کوشش کرنا۔
یہ اللہ کی جانب سے ہمارے لیے بہترین موقع اور وقت ہے کہ ہم تنہائی میں قرآن سے گہرا رابطہ پیدا کریں اور اس میں غوطہ زن ہو جائیں۔ گھروں کے اندر قرآن کی محفلیں سجائیں، ہر گھر کو قرآن کا مرکز بنائیں، آن لائن استقبال ِ رمضان دورہ قرآن اور دورہ تفاسیر کے پروگرامات سے اپنے اہل خانہ سمیت استفادہ کریں۔
صرف اپنے ہی نہیں اپنے تمام روابط کو ہی اہل خانہ کے ساتھ ان پروگرامات سے استفادے کی رہنمائی دیں۔ اہل خانہ کی تربیت کے لیے یہ بہترین موقع ہے بالخصوص جہاں نوجوان گھروں میں موجود ہیں۔ اپنے گھر والوں کی عمر، استعداد اور رجحانات کو مد نظر رکھتے ہوئے شعبہ اطفال اور شعبہ نوجوان کی جانب سے فراہم کردہ سرگرمیوں سے بھر پور استفادہ کیا جائے، نوجوان کے واٹس ایپ گروپ میں اسی سلسلے کو شیئر کیا جائے۔ ان شرکاء کے ذریعے مزید شیئرنگ کی نیٹ ورکنگ کروائی جائے، اسی طرح بیرون ملک مقیم اپنے رابطے کا گروپ بنا کر مزید افراد تک اسے پہنچایا جائے۔
پیارے نبیؐ نے فرمایا: کہ رمضان مواسات یعنی ہمدردی اور خیر خواہی کا مہینہ ہے۔ موجودہ حالات میں مواخات کی سنت پر بھی عمل کرنے کا موقع ہمارے پاس ہے۔ اپنے آس پاس سفید پوش افراد کو تلاش کیا جائے، ان کی فہرست سازی کی جائے، تمام مخیر روابط تک الخدمت کی اپیل برائے راشن اور طبی امداد پہنچائی جائے، مقامی سطح پر مواخات کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، نیز بیت المال کے استحکام پر توجہ رکھنا (بذریعہ اعانت و زکوٰ ۃ) بھی ہماری ذمے داری ہے۔ لیلۃ القدر اور آخری عشرے کو ذاتی عبادات، ممکن ہو تو اعتکاف، قیام اللیل، توبۃ النصوح اور دعا کے لیے مختص کر لیں۔
نبی مہربان نے فرمایا : کہ جس نے ایمان اور احتساب کے ساتھ روزہ رکھا اور اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کردیے جائیں گے اور جس نے ایمان اور احتساب کے ساتھ قیام اللیل کیا اس کے سابقہ تمام گناہ معاف کر دیے جائیں گے۔
گناہوں کی معافی کی اس نوید کو حاصل کرنا ہے تو انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کا محاسبہ ہمارے لیے لازم ہے۔ اس کے ساتھ توبۃ النصوح اور رجوع الیٰ اللہ کا اہتمام ضروری ہے
نبی نے فرمایا : کہ تمام ابن ِ آدم خطا کار ہیں مگر بہترین خطا کار وہ ہے جو توبہ کر لے، اپنے رب کے سامنے گڑ گڑاتا ہے کہ وہ اپنی عافیت اور رحمت کے سائے میں ہمیں لے لے، اللہ ہی ہے جو ہماری پکار سن سکتا ہے، اس ہی کی ذات کا آسرا ہے، اس ہی کو تھام کر اسی پر بھروسا کرنا ہے، آیئے کوشش کریں کہ اس ماہ مبارک کو اللہ تعالی کی رحمت اور مدد سے اپنے لیے، اپنے اہل خانہ، خاندان، تمام اہل وطن، پوری امت اور پوری انسانیت کے لیے نجات کا مہینہ بنالیں۔
اللہ تعالی ہم سب کو رمضان کی رحمتیں اور برکتیں عطا فرمائے اور ایمان کی سلامتی کے ساتھ، صحت اور عافیت کے ساتھ رمضان المبارک کی ساعتوں سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین