پی سی بی کا آئی سی سی سے پاکستان کیلئے خصوصی فنڈ جاری کرنے کا مطالبہ

329

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے سیکیورٹی خدشات کے باوجود انگلینڈ کی جانب سے دورہ بنگلہ دیش کیلئے رضامندی ظاہر کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے پاکستان کیلئے خصوصی فنڈ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔لندن میں انٹرویو دیتے ہوئے شہریار نے کہا کہ پی سی بی خصوصی فنڈ کے قیام کیلئے آئی سی سی میں دوبارہ اپنا مقدمہ پیش کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کے سبب ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا لیکن اپنے غیر ملکی ماہرین اور وزارت خارجہ سے گفتگو کے بعد انہوں نے بنگلہ دیش ٹیم بھیجنے پر رضامندی ظاہر کردی۔انہوں نے کہا کہ ہم آئی سی سی سے بات کریں گے کہ صرف پاکستان کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر انٹرنیشنل کرکٹ سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے۔تاہم چیئرمین پی سی بی نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال فروری میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد کرا سکیں گے جس سے ہمارا مقدمہ مضبوط ہو جائے گا۔

پاکستان نے آئی سی سی کے گزشتہ اجلاس میں کرکٹ حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ کیوں عالمی ٹیمیں پاکستان کا دورہ نہیں کر رہیں اور پاکستان اپنے ہوم گرانڈ پر کرکٹ کھیلنے سے محروم ہے لہذا اس نقصان کے ازالے کیلئے خصوصی فنڈ بنایا جائے اور پاکستان کرکٹ کے امور پر نظر رکھنے والے آئی سی سی کی اسپیشل ٹاس فورس کو مجوزہ مطالبے پر غور کیلئے کہا گیا تھا۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان پر عالمی کرکآٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے کسی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔گزشتہ سال زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان کا مشروط دورہ کیا لیکن یہ کوشش بھی ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی میں مددگار ثابت نہ ہو سکی۔ لیکن شہریار خان نے کہا کہ انگلینڈ کی جانب سے دورہ بنگلہ دیش پر رضامندی سے پاکستان کا کیس بھی مضبوط ہو گا۔