وفاق اور این ڈی ایم اے کو بلوچستان حکومت سے تعاون کا حکم

108

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان ہائی کورٹ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے کو بلوچستان حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس جمال خان مندوخیل اورجسٹس نذیرلانگو پرمشمل بنچ نیکورونا وائرس کے تدارک کے حوالے سے آئینی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت میں ایڈووکیٹ جنرل ارباب طاہر، اسپیشل سیکرٹری صحت ظفرعباسی، ڈی جی صحت ڈاکٹرسلیم ابڑو، ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون اور دیگر متعلقہ افسران پیش ہوئے۔ عدالت میں کوروناوائرس کی صورتحال اور اس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔ محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ بلوچستان میں کورونا کے ٹیسٹ کی استعداد میں اضافہ کیا گیا ہے‘ ہمیں قومی ادارہ صحت کی جانب سے نئی پی سی آر مشین مہیا کردی گئی ہے‘ قومی ادارہ صحت نے ایک ہزار500 ٹیسٹ کٹس بھی فراہم کردی ہیں‘ کوئٹہ میں ٹیسٹ کی استعداد اگلے ہفتے تک ایک ہزار ہوجائے گی‘ اس کے علاوہ کوئٹہ میں6 لیبارٹریاں قائم کی جا رہی ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون نے عدالت کو بتایا کہ صوبے کے تمام ضلعی اسپتالوں کو پی پی ای کٹس مہیا کردی گئی ہیں۔ بلوچستان ہائی کورٹ نے درخواست کی سماعت 4 مئی تک ملتوی کردی۔