افغانستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ سٹیٹس حاصل کرنے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کر دئیے

400

افغانستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شفیق استنکزئی نے دو طرز کی ٹیسٹ کرکٹ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کانٹی نینٹل کپ اور دیگر ٹورنامنٹس میں مسلسل شاندار کارکردگی کی وجہ سے افغانستان کی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی مستحق ہے۔

شفیق استنکزئی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہم ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار ہیں اور اس بات کو ثابت کر چکے ہیں، جب سے ہم نے انٹرکانٹی نینٹل کپ میں قدم رکھا ہے ہمیں صرف ایک مرتبہ 2013 میں آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے لیکن اس کے بعد ہمیں چار دن یا ایک سے زائد دن کے میچ میں شکست کا منہ نہیں دیکھنا پڑا۔

2015-17 کے انٹرکانٹی نینٹل ٹیبل میں افغانستان کی ٹیم چار رائونڈ کے بعد آئرلینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر موجود ہے جہاں اس نے تین میچ جیتے اور اسکاٹ لینڈ کیخلاف بارش سے میچ ڈرا ہوا۔افغانستان کا مجموعی ریکارڈ بہت شاندار ہے جہاں اس نے 14 فتوحات حاصل کر رکھی ہیں جبکہ اسے ایک شکست ہوئی اور چار میچ ڈرا کیے۔افغانستان کی ٹیم چھ مرتبہ 400 سے زائد رنز بنا چکی ہے جبکہ ٹیم نے 11 سے زائد مرتبہ 100 اوور کھیل کر اپنی قابلیت کا لوہا منوایا، اس کے ساتھ ساتھ انہیں اسکاٹ لینڈ، نمیبیا، کینیا، کینیڈا اور نیدرلینڈ میں فتوحات سمیٹنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

استنکزئی نے کہا کہ ہمارے پاس ہر فارمیٹ کیلئے الگ اسکواڈ ہے، ہر فارمیٹ کیلئے بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بالنگ کے بھی اسپیشلسٹ ہیں جس کا مطلب ہے ہمارے پاس بہت ٹیلنٹ ہے اور ہم نے دنیائے کرکٹ میں بہت تیزی سے بہتری کی ہے۔