بھارت کی جانب سے کورونا کو اسلام سے جوڑنے کی کوشش ناکام ہوگئی،پاک فوج

138

راولپنڈی(آن لائن،اے پی پی)ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ بھارت نے عالمی قوانین پامال کرکے ثابت کیا کہ بھارت ہندوتوا اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔بھارت کی جانب سے کورونا وائرس کو اسلام سے جوڑنے کی مذموم کوششیں ناکام ہوگئیں۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں مستقبل کی حکمت عملی اور ہرطرح کے حالات سے نمٹنے کے اقدامات زیر غورآئے۔ آرمی چیف نے رمضان المبارک میں سول اداروں کے ساتھ مل کر تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ علمائے کرام، طبی عملہ اور سیکورٹی سمیت دیگر اداروں کو خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ میڈیا نے کورونا سے متعلق آگہی میں شاندار کردار ادا کیا۔ علمائے کرام کا کردار بھی قابل تعریف رہا۔ آئندہ 15 روز انتہائی اہم ہیں، دعا ہے رمضان کی برکت سے پاکستان اور دنیا کو کورونا سے نجات ملے۔ عوام اپنے گھروں کو عبادت گاہ بنائیں۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، بھارت نے 850 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارت نے جان بوجھ کر ایل او سی پر آبادیوں کو نشانہ بنایا، بھارتی جارحیت کا سخت نوٹس لیا گیا۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا کو کورونا وائرس چیلنج کا سامنا ہے، اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے دنیا بھر میں سیز فائر کی اپیل کی، موجودہ صورتحال میں بھی بھارت آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، بھارت کی کشمیر میں لگائی گئی نفرت کی آگ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے۔ آر ایس ایس کے انتہا پسندوں نے تمام عالمی قوانین کو پامال کیا۔پوری دنیا نے کورونا وبا کو اسلام سے جوڑنے کی مذموم بھارتی کوشش کی مذمت کی۔ بھارت نے عالمی قوانین پامال کرکے ثابت کیا کہ بھارت ہندوتوا اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ بھارت نے آزاد کشمیر میں کورونا کے حوالے سے جھوٹی خبر پھیلانے کی کوشش کی۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔پاک فوج کے تمام دستیاب وسائل اس وبا سے نمٹنے کیلیے استعمال ہو رہے ہیں۔ پاک فوج نے انٹرنل سیکورٹی الاؤنس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، لاکھوں مستحق افراد کو راشن پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان آرمی کی 5 لیبارٹریز قومی ادارہ صحت کے تعاون سے کام کررہی ہیں۔ تافتان ،طورخم اور چمن میں قرنطینہ اور آئسولیشن سہولتیں قائم کر دی ہیں، 17 مختلف پروازوں کے ذریعے امدادی سامان ملک کے مختلف علاقوں تک پہنچایا جاچکا ہے، ہمیں اپنے وسائل اور کوششوں کو یونین کونسل سطح تک لے کر جانا ہے جس کے لیے منصوبہ بندی کرلی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ چین نے ہر شعبے میں پاکستان کی مدد کرکے دوست اور اسٹریٹیجک پارٹنر ہونے کا ثبوت دیا ہے آج بھی چین سے طبی سامان لیکرڈاکٹروں کی ٹیم پاکستان پہنچی ہے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم 2 ماہ قیام کرے گی۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ رمضان کا مہینہ ہمیں صبر، برداشت اور مقرر کردہ حدود کی پیروی کا درس دیتا ہے اس حوالے سے عوام سے گزارش ہے کہ خود کو محدود رکھ کر اس وبا سے محفوظ رہیں کیونکہ زندگی بہت قیمتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگلے 15 دن نہایت اہم ہیں،کوشش کریں کہ انفرادی اور اجتماعی طور پر احتیاط کی جاسکے۔ اپنے گھروں کو عبادت گاہیں بنائیں اور رمضان کے اس مہینے کی رحمتوں ،برکتوں اور اللہ سے مغفرت طلب کرنے کے واسطے یہ دعا کریں کہ اللہ ہمیں اس وبا سے جلد نجات عطا فرمائے۔