حیدر آباد میں میر قاسم کی غائبانہ نماز جنازہ عوام کا زبردست احتجاج

122

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)بنگلادیش میں جماعت اسلامی کے رہنمامیرقاسم کی پھانسی کے خلاف حیدرآبادمیں احتجاجی مظاہرہ کیاگیااور شہیدرہنماکی غائبانہ نمازجنازہ اداکی ۔63سالہ میرقاسم جماعت اسلامی بنگلادیش کے رہنماو شوریٰ کے رکن تھے، متعصب بنگلادیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجدنے 1971 ء میں پاکستان کاساتھ دینے اور پاکستان کومتحدرکھنے کے جرم میں متنازع ٹریبونل کے ذریعے بنگلادیش جماعت اسلامی کے ایک اوررہنماکوتختہ دارپر لٹکادیاہے۔ بھارت نوازپاکستان دشمن شیخ حسینہ واجدکے اس اقدام کے خلاف جماعت اسلامی حیدرآبادنے یوم احتجاج منایا۔اسٹیشن روڈ پر جماعت اسلامی ضلع حیدرآبادکے جنرل سیکرٹری ڈاکٹرسیف الرحمن کی قیادت میں مظاہرہ کیاگیا۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بنگلادیش میں جماعت اسلامی کے ایک اور رہنما کوپھانسی بھارت کوخوش کرنے کی کوشش ہے شیخ حسینہ واجدنے میرقاسم کوپاکستان سے محبت کی سزادی ہے میرقاسم شہیدنے رحم کی اپیل نہ کرکے بھارت اورحسینہ واجدکے عزائم خاک میں ملادیے اوراپنی جان کانذرانہ دے کر ثابت کردیاہے کہ جغرافیائی دوری کے باوجود مسلمان ایک ہیں ،امت مسلمہ ایک ہے ۔میرقاسم نے نام نہادانٹرنیشنل ٹریبونل کاسامناکیااورصرف اورصرف پاکستان سے محبت کرنے کے جرم میں پھانسی کے پھندے کوگلے لگایامگر اپنے بیٹے کے اغواکے باوجودرحم کی اپیل نہ کرکے ثابت کردیاہے کہ انہوں نے پوری زندگی اسلام کی سربلندی کے لیے وقف کررکھی تھی اور مرتے دم تک بنگلادیش میں اسلام کی سربلندی کے لیے لڑتے رہے ہیں ۔اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے سیکرٹری ڈاکٹراعتزازاحمدنے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ اور جماعت اسلامی نے ہردورمیں اپنی جانوں کے نذرانے دیے ہیں لیکن طاغوتی قوتوں کے سامنے کبھی سرنہیں جھکایاہے۔ مشرقی پاکستان سے بنگلادیش بن گیاہے مگرہمارے دل اب بھی ملے ہوئے ہیں کلمے کارشتہ سب سے عظیم رشتہ ہے میرقاسم نے جس مقصدکے لیے شہادت کاراستہ اختیارکیاہے ان شاء اللہ وہ مقصدپورا ہوگااور سرزمین بنگال میں بھارت کے لیے ایک اور پاکستان ثابت ہوگا۔حکومت فوری طورپربنگلادیشی سفیر کو ملک بدرکرے۔سابق امیرمشتاق احمدخان اورڈپٹی سیکرٹری عامرفاروق نے کہاکہ پاکستان کی بنیاد اور استحکام میں جماعت اسلامی کے دس ہزارسے زائد شہداء کاخون شامل ہے ۔جماعت اسلامی نے عبدالمالک شہیدسے میرقاسم کی شہادت تک کاسفر اسلام اور پاکستان کی محبت میں طے کیاہے اسلام اور اس کے بعدپاکستان سے محبت جماعت اسلامی کی سب سے بڑی شناخت ہے مشرقی پاکستان کوبھارت سے بچانے کے لیے ہم نے لہوکے نذرانے دیے ہیں لیکن افسوس ہے ملک کے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اقوام متحدہ سے اقوام عالم تک سبھی بنگلادیش میں حسینہ واجدکے انسانیت سوزمظالم پر چپ سادھے ہوئے ہیں حقوق انسانی کی انجمنیں حقیقی مجرموں کی سزائے موت کے خلاف آسمان سرپراٹھالیتی ہیں ۔بنگلادیش میں نام نہاد عالمی ٹریبونل میں انصاف کاقتل کرکے جماعت اسلامی کے بزرگوں کوپھانسیاں دی جارہی ہیں لیکن انہیں یہ پھانسیاں نظرنہیں آتیں ۔ بعدازاں اسٹیشن روڈ پر میرقاسم شہیدکی غائبانہ نمازجنازہ اداکی گئی۔