پاکستان پوسٹ کا پنشنرز کو گھروں پر ادائیگی کے دوسرے مرحلے کا اعلان

179

راولپنڈی (آن لائن) پاکستان پوسٹ نے پیر 27 اپریل سے پنشنرز اور فیملی پنشنرزکو گھروں کی دہلیز پر ادائیگی کے دوسرے مرحلے کا اعلان کردیا ہے، جس میں 2 ماہ کی یکمشت پنشن ادا کی جائے گی۔ ادائیگیوں کو شفاف بنانے کیلیے اس مرتبہ پنشنرز کو پنشن فارم پر دستخط کے علاوہ نشان انگوٹھا لگانے اور موبائل و شناختی کارڈ نمبر لکنے کا پابند کیا گیا ہے جس کے ذریعے افسران اور خصوصی ٹیمیں کسی بھی ادائیگی کی پنشنرز سے بذریعہ فون تصدیق کر سکیں گے۔ اسکے علاوہ جس پنشنر کا کوائف پر مبنی تصدیقی فارم جمع نہیں ہوا وہ بھی اپنا فارم ایک عدد تصویر اور شناختی کارڈ کے ساتھ جمع کرائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل محمد اخلاق رانا نے ہیڈ کوارٹرکی سطح پر کورونا کرائسز مینجمنٹ کمیٹی قائم کرنے کے علاوہ پنشن کی تقسیم کو شفاف اور فول پروف بنانے کیلیے قواعد و ضوابط جاری کرتے ہوئے سختی سے عملدرآمدکا حکم دیا۔ اس موقع پر افسران اور عملے کے نام ایک پیغام بھی جاری کیا گیا ہے۔ پنشن ادائیگی کیلیے جاری ایس او پی کے مطابق تمام ادائیگی پہلے سے قائم آپریشنل ٹیموںکے ذریعے ہوگی۔ 2 ماہ کی یکمشت ادائیگی کی وجہ سے مطلوبہ کیش کی بروقت فراہمی کے انتظامات، عملے کے تحفظ اور کورونا وائرس سے بچائو کیلیے حفاظتی سامان کی فراہمی کیلیے غیر معمولی اقدامات کی نگرانی سرکل و ریجن سربراہان اور متعلقہ افسران کے سپرد کی گئی ہے۔