پاکستان کورونا وائرس پر جلد قابو پا لے گا، چینی سفیر

265

راولپنڈی(خبر ایجنسیاں)پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ چنگ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان مہلک وائرس پر جلد قابو پالے گا۔ پاکستانی عوام کو ماہ رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کورونا وائرس کے اس آزمائشی وقت میں چینی حکومت کی طرف سے پاکستان کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔رمضان المبارک کے حوالے سے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں چینی سفیر یاؤ چنگ نے کہا کہ رمضان کے مقدس ماہ کے آغاز پر میں اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی چیلنجنگ وقت ہے اور پوری پاکستانی قوم نوول کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔چینی سفیر نے کہا کہ اس آزمائش کی گھڑی میں چینی حکومت، چین کے عوام اور پاکستان میں مقیم چینی کمیونٹی وبا سے نمٹنے کے لیے اپنے پاکستانی عوام کی ہرممکن مدد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے وبا کی روک تھام کے لیے پاکستان حکومت اور عوام کو لاکھوں کی تعداد میں طبی حفاظتی سازوسامان سمیت دیگر اشیا فراہم کی ہیں۔یاؤ چنگ کا کہنا تھا کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے کئی چینی طبی ماہرین پاکستانی طبی عملے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اس نازک مرحلے پر اس مہلک وبا کے خلاف جدوجہد میں پاکستانی حکومت، طبی ماہرین اور عوام کی جانب سے کی جانے والی کوششوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔چینی سفیرنے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستانی حکومت اور عوام اس مہلک وائرس کے چیلنج پر جلد قابو پالے گی۔یاؤ چنگ نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ میں پوری پاکستانی قوم کو اپنی مخلصانہ اور نیک خواہشات پیش کرنا چاہتا ہوں اور ایک صحت مند، محفوظ اور خوش آئند رمضان کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں چین سے میڈیکل ایمرجنسی ریلیف کی دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے امدادی سامان میں پی سی آر ٹیسٹنگ کٹس، سرجیکل ماسک، حفاظتی لباس، این 95 ماسک اور وینٹی لیٹرز شامل ہیں ۔میجر جنرل ہوانگ کی قیادت میں چینی ڈاکٹروں کی ٹیم ایک روز قبل پاکستان پہنچی تھی جبکہ گزشتہ روز مزید ریلیف سامان پہنچا۔چینی ڈاکٹروں میں وبائی امراض، آئی سی یو، پلمنالوجی کے ماہرین شامل ہیں۔چینی میڈیکل ٹیم دو ماہ پاکستان میں کورونا کی روک تھام اور متاثرین کے علاج کی خدمات انجام دے گی۔چینی میڈیکل ٹیم ملک بھر کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرے گی۔