مصنوعی مہنگائی نے غریبوںکو پریشان کررکھا ہے ، مو لا نا عبد الحق

97

کوئٹہ (این این آئی) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ جماعت اسلامی الخدمت فائونڈیشن نے ملک بھر میں کورونا وائرس متاثرین کی قابل فخر خدمات سرانجام دیکر تاریخ رقم کی۔ کورونا متاثرین کی امداد میں حکومت نے روایتی غفلت دکھا کر عوام کے مسائل ومشکلات میں اضافہ کیا، مصنوعی، ظالمانہ مہنگائی نے غریبوں، مساکین ومستحقین کو پریشان کر رکھا ہے، حکومت غریبوں کو ریلیف دے، یوٹیلیٹی اسٹور پر اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں خاص کمی کردیں، بجلی لوڈشیڈنگ، سوئی گیس پریشر میں کمی حکومتی غفلت کا نتیجہ ہے۔ لاک ڈائون نے مزدور، دہاڑی دار طبقے کو زیادہ متاثر کیا ہے۔ انہوں نے امرائے اضلاع کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں بھی غربا ومساکین کی امداد یقینی بنانے کے لیے مخیر حضرات سے رابطہ جاری رکھیں۔ دیانت داری وامانت داری کیساتھ کام کرکے اللہ کی خوشنودی اور مستحقین وغربا کی دعائیں لے کر سکون واطمینان حاصل کریں۔ ذمے داران غربا و مساکین کی امداد، رجوع الی اللہ مہم اور احتیاطی تدابیر آگہی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ حکومت کی طرف سے صرف خوشنما اعلانات مناسب نہیں، عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ آج غریب لوگ گھروں میں بند ان کو کھانے کی فکر ہے۔ مخیر حضرات، چیمبر آف کامرس، تاجر برادری، فلاحی تنظیمیں غریب کمزور افراد کی مدد کے لیے الخدمت فائونڈیشن جماعت اسلامی سے تعاون کریں۔ جماعت اسلامی دیانت کیساتھ غریبوں، دہاڑی دار طبقات کی مدد کررہی ہے۔ بلوچستان میں بارش وسیلاب سے متاثرہ علاقوں کی امداد بھی جاری رکھی جائے۔ بلوچستان میں حکومتی عدم توجہ وغفلت، عوام کی بے احتیاطی کی وجہ سے حالات خراب ہوسکتے ہیں۔ عوام نے اگر احتیاط، صفائی سے کام نہ لیا، اللہ تعالیٰ سے رجوع نہ کیا، ایک دوسرے کی معاشی مدد نہیں کی تو حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔ جماعت اسلامی، الخدمت فائونڈیشن بلاتفریق رنگ ونسل اور زبان پورے ملک کی طرح بلوچستان میں بھی الحمدللہ فعال ہیں، ذمے داران و رضاکار مختلف علاقوں میں راشن تقسیم، سروے، مساجد وعبادت خانوں، بازاروں کی صفائی، آگہی مہم، رجوع الی اللہ میں مصروف عمل ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن وخواتین ونگ اور جے آئی یوتھ بھی بھرپور طریقے سے فعال ہیں۔ مخیر حضرات، تاجر برادری، سماجی، فلاحی، سیاسی تنظیمیں الخدمت فائونڈیشن، جماعت اسلامی پر اعتماد کرتے ہوئے مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے پریشان حال بھائیوں، بہنوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔ حکومت قرنطینہ سینٹرز، اسپتالوں میں صفائی کا اہتمام وسہولیات کی فراہمی یقینی بنائے، تاجر برادری ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔