ہمدرد نے جشن آزادی انٹریونیورسٹی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا

111

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہمدردیونیورسٹی نے جشن آزادی انٹریونیورسٹی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا ، فائنل میں میزبان سرسید یونیورسٹی کو57 رنزسے شکست دیکر ٹائٹل کا حصول ممکن بنایا، فائنل میں نصف سنچری اسکور کرنے والے فاتح ٹیم کے کپتان مصطفی علی مین آف دی میچ کیساتھ ٹورنامنٹ کے بھی بہترین کھلاڑی قرارپائے، سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔ نیا ناظم آباد کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میں ہمدرد یونیورسٹی کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20 اوورز میں مصطفی علی کی شاندار نصف سنچری کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنزبنائے،حاذق الدین 40 رنزبناکر دوسرے نمایاں بلے بازرہے، حسیب خان نے 2 جبکہ اسد اللہ اور معمون امتیاز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 146رنزہدف کے تعاقب میں سرسید یونیورسٹی کی پوری ٹیم 16.3 اوورزمیں صرف88 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی،حسیب خان25 رنزبناکر نمایاں رہے ۔فاتح ٹیم کے کپتان مصطفی علی نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں آؤٹ کیا، عثمان ارشد نے بھی 3کھلاڑیوں کو آؤ ٹ کیا۔ مہمان خصوصی سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار،سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد اور صمد حبیب نے فاتح ٹیم کو 25ہزار روپے اور رنر اپ ٹیم کو15ہزار روپے انعام میں دیے جبکہ مصطفی علی کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے پر5 ہزار روپے انعام میں دیے، اختتامی تقریب میں شعبہ کھیل کے سربراہ مبشر مختار، طارق خان، عدنان، ناصر، محمد فاروق خان، عمران اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔