چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ

129

راولپنڈی (اے پی پی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے پیر کو کوویڈ۔19 کی روک تھام کے لیے قومی کاوششوں کو مربوط کرنے کے لیے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا دورہ کیا جہاں پر انہیں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال، وفاق اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات، پالیسیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا این سی او سی پہنچے تو این سی او سی کے قومی کوآرڈنیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان نے ان کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جنرل ندیم رضا کو کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو سے متعلق تخمینے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ چیف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کوویڈ۔19 کی روک تھام کے لیے قومی کاوششوں کو مربوط کرنے اور کم وقت میں اس وباء کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی کارکردگی کو سراہا۔