’’بھارتی احتجاج کے باوجود چین راہداری منصوبے سے پیچھے نہیں ہٹے گا‘‘

83

بیجنگ(آئی این پی) چین کے معروف اخبار گلوبل ٹائمز نے کہا ہے کہ بھارت پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق مثبت رویہ اختیار کرے ۔چینی اخبار نے ہفتے کو اپنے ایک تجزیہ میں بیان کیا ہے کہ بھارتی احتجاج کے باعث چین کسی بھی طرح اقتصادی راہداری منصوبہ سے پیچھے نہیں ہٹے گا کیونکہ یہ بھارت سمیت کسی بھی تیسرے فریق کے خلاف نہیں ہے ۔چین نے گزشتہ چند برس میں پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ مضبوط معاشی تعلقات قائم کیے ہیں لہٰذا بیجنگ دونوں میں سے کسی بھی ایک ملک کی طرف داری نہیں کرسکتا ۔پاک چین اقتصادی راہداری ایسا منصوبہ نہیں ہے جس کے ذریعے بھارت کو کوئی نقصان ہو۔ اگر پاکستان اور چین کے تعاون سے کشمیر سمیت خطے میں انفرااسٹرکچر کا معیار بہتر ہو سکتا ہے تو اس کا فائدہ بھارت کو بھی ہو گا کیونکہ بھارت اس کے ذریعے وسطی ایشیا تک تجارت کر سکے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت راہداری منصوبہ کے حوالے سے مثبت رویہ اختیار کرے تاکہ تعمیر وترقی کے منصوبہ پر کام کی رفتار تیز ہو سکے اور خطے کے عوام مستفید ہو سکیں ۔ اخبار نے مزید لکھا ہے کہ پاکستان بھارت اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے باعث تنازع کشمیر کے حل کے لیے مذاکرات شروع کرنے کا ماحول قائم ہو جائے گا اس سلسلے میں بھارت کو اپنے قومی مفادات کے لیے طویل جائزہ لینے کی ضرورت ہو گی۔