جماعت اسلامی اب بھی پاکستان کے لیے خون کے نذرانے پیش کررہی ہے‘ راشد نسیم

97

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان مردہ باد کے نعرے لگانے والے اقتدار کے مزے لوٹتے رہے اور پاکستان کی سالمیت اور بقا کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کا استیصال کیا گیا ، جماعت اسلامی پاکستان کو مدینہ کے بعد اسلام کے نا م پر بننے والی دوسری ریاست سمجھتے ہوئے اس کی حفاظت کے لیے خون کے نذرانے پیش کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں میر قاسم شہید کی غائبانہ نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی عبد الغفار عزیز ،پروفیسر محمد ابراہیم ،میاں محمد اسلم،امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور امیر جماعت اسلامی لاہورذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔ راشد نسیم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ دیانت و امانت کو مقدم رکھا اور اس قوم کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ۔جماعت اسلامی نے آج تک کوئی کرپشن کی نہ کمیشن لیا جبکہ کرپشن سے ہاتھ رنگنے اور پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے اقتدار کے ایوانوں میں براجمان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میر قاسم نے پھانسی کے پھندے کو چوم کر پاکستان کے ساتھ اپنی والہانہ محبت اور اپنے نظریے کی صداقت کا اظہار کیا ہے ۔امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی بنگلا دیش کے رہنماؤں کو پھانسیوں پر لٹکانا اور کارکنوں کو جیلوں میں بند کرنا عالمی استعمار کی اسلامی قوتوں کے خلاف مورچہ بندی اور مسلح دستہ بندی ہے ۔عبد الغفار عزیز نے کہا کہ بنگلا دیش کے طول و عرض میں لاکھوں عوام نے میر قاسم کی غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کرکے ان کے ساتھ والہانہ عقید ت و محبت کا اظہار کیا جس سے حسینہ واجد اور کفر کے ایوانوں میں ایک سراسیمگی پھیل گئی ہے ۔ پروفیسر محمد ابراہیم نے کہا کہ میر قاسم نے اپنے نظریے پر جان وار دی مگر ظلم و جبر کے سامنے سر نہیں جھکایا انہوں نے نظریہ پاکستان کی آبیاری اپنے پاکیزہ خون سے کی۔بنگلا دیش کی خونی دیوی نے بنگلا دیش کو بھارت کے حوالے کرکے ہندوؤں کی غلامی قبول کرلی ہے ۔دریں اثنا ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے سرگودھا میں میر قاسم شہید کی غائبانہ نماز جنازہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں نے پاکستان کے ساتھ اپنی محبت کو اپنا خون پیش کرکے پورا کیا ہے جبکہ کچھ لوگ آج بھی پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو اس ظلم و جبر کے خلاف عالمی برادری کے سامنے آواز اٹھانی چاہیے تھی مگر ہمارے حکمرانوں نے روایتی بے حسی اور بزدلی کا مظاہرہ کرکے قوم کو سخت مایوس کیا ہے ۔