واشنگٹن: امریکہ کی متعدد ریاستوں نے کاروبار کھولنا شروع کردئیے ہیں جبکہ شہریوں کو ساحل سمندر پر بھی محظوظ ہونے کی اجازت دے دی گئی۔
غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق امریکہ کی متعدد ریاستوں کے گورنروں نے لاک ڈائون میں نرمی کرتے ہوئے کاروبار و دیگر عوامی مقامات کو یکم مئی سے کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔
ریاستوں میں جیورجیا، اوکلوہاما، میسی سیپی، ٹینیسی، کیرولینا، کولوراڈو، آئیوا، الاسکا، پنسلوانیا، آئیڈاہو اور فلوریڈا شامل ہیں۔
یکم مئی سے کھولے جانے والے کاروباروں میں اسٹورز، شاپنگ مالز، لائبریریاں، تھیٹرز، ریستوران، میوزیئمز، تعمیراتی شعبے اور چائلڈ کئیر سینٹرز شامل ہیں جبکہ جیورجیا کے علاوہ باقی ریاستوں میں سیلون، حجام کی دکانیں اور بیوٹی پارلرز بدستور بند رہیں گے۔
تفریحی مقامات میں متعدد پارکس اور ساحل سمندر کو بھی عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ ساحل سمندر پر آنے کے اوقات جاری کردئیے گئے ہیں جس کے تحت صبح 6 سے 11 بجے تک اور شام 5 سے 8 بجے تک شہری ساحل سمندر پر لطف اندوز ہونے کیلئے آسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 1,010,507 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 56,803 سے زائد ہے۔