محکمہ تعلیم سندھ نے انٹرمیڈیٹ میں داخلے کی میرٹ لسٹیں جاری کردیں

125

کراچی(رپورٹ :حماد حسین)محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت انٹرمیڈیٹ میں داخلے کی میرٹ لسٹیں جاری کردی گئیں۔پہلے مرحلے میں پری انجینئرنگ(لڑکوں)،پری میڈیکل(لڑکیوں) اورکمپیوٹر سائنس(لڑکوں اور لڑکیوں) میں38ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کی میرٹ لسٹوں کا اجرا کیا گیا ہے۔کمپیوٹر سائنس میں2ہزار سے زائد نشستوں کا اضافہ کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت کراچی بھر کے 158 سرکاری کالجزمیں داخلے کے خواہشمند طلبہ کی میرٹ لسٹوں کا اجرا سندھ ایکویشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ کی ویب سائٹ www.sindheducation.gov.pk/seccap/sec.jsp پر دیا گیا ہے۔جس کے مطابق شہر کے55سرکاری ہائر سکینڈری اسکول اور کالجزمیں شعبہ پری انجینئرنگ (لڑکوں) میں 20860امیدواروں کی،شعبہ پری میڈیکل(لڑکوں) کے 52کالجز میں3205جبکہ لڑکیوں کے 57کالجز میں12548امیدواروں کی، جبکہ19کالجز میں کمپیوٹر سائنس(لڑکوں) کے 1194 امیدواروں جبکہ لڑکیوں کے17کالجز میں 927 طالبات کی میرٹ لسٹیں جاری کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق شہر کے سرکاری کالجوں میں شعبہ کمپیوٹر سائنس میں1900نشستیں ہیں جن میں لڑکوں کے لیے1000جبکہ لڑکیوں کے لیے 900نشستیں ہیں۔تاہم اس بار داخلہ فارم میں خاطر خواہ اضافہ ہوا تھا۔ شعبہ کمپیوٹر سائنس میں نشستوں سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں جس پر محکمہ تعلیم نے کراچی کے مختلف کالجز میں2ہزار 21 نشستوں کا اضافہ کرکے تمام طلبہ و طالبات کو داخلہ دے دیا ہے۔سندھ کی مرکزی کمپیوٹرائزڈ پالیسی کے چیئرمین اور ڈائریکٹر کالجز سندھ پروفیسر ڈاکٹرناصر انصار نے داخلہ فارم میں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں کی نسبت اس سال انٹر میڈیٹ کے مختلف شعبہ جات میں داخلوں کے حوالے سے فارم کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔اور اسی کو سامنے رکھتے ہوئے ہم نے ان تمام امیدواروں کو مختلف تعلیمی اداروں میں ایڈجسٹ کیا ہے تاکہ ان کے تعلیمی سال کا ضیا ع نہ ہو۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام تعلیمی اداروں کو اس بات کا پابند کیا ہے کہ وہ امیدوار کو داخلہ فارم مفت دیں اور اگر ادارے نے پیسے لینے بھی ہیں تو داخلہ فارم کی قیمت کی مد میں 10روپے اور اگر کالج بروشر ہے تو اس کی مد میں 25روپے سے زیادہ طلب نہیں کریں گے۔اس حوالے سے اگر کسی امیدوار کو شکایت ہو تو وہ فوری طور پر تحریری شکایت ڈائریکٹر کالجز کے دفتر میں جمع کرائے ۔اس ضمن میں ہم نے اسی کمیٹی کو اختیا ر دیا ہے جوکہ آن لائن داخلہ فارم کے حوالے سے ملنے والی شکایات پر تشکیل دی تھی۔اسٹیئرنگ کمیٹی کی طے شدہ تاریخ پر کچھ شعبہ جات کی کلاسز کا آغاز کردیا جائے گا۔یاد رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ کے آئی ٹی سیکشن کاسرورداخلہ پالیسی کے دوران کئی بار ڈاؤن ہوتا رہا تھا جس کے باعث امیدواروں کو داخلہ فارم اور بعدازاں میرٹ لسٹ کے اجرا میں تاخیر کا بھی سامنا رہا۔واضح رہے کہ دوسرے مرحلے میں پری انجینئرنگ(لڑکیوں)،پری میڈیکل(لڑکوں)،کامرس اور آرٹس کی میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔