روشنی ہیلپ لائن اور اسپیکٹر وائی اینڈ آر کے اشتراک سے پویلین اینڈ کلب گلشن اقبال میں پتنگ بازی کی ایک منفرد تقریب

189

کراچی (اسٹاف رپورٹر) روشنی ہیلپ لائن اور اسپیکٹر وائی اینڈ آر کے اشتراک سے پویلین اینڈ کلب گلشن اقبال میں پتنگ بازی کی ایک منفرد تقریب ’’امیدوں کی اڑان‘‘ کے نام سے منعقد کی گئی جس میں گم شدہ بچوں کی تصاویر، معلومات اور ہیلپ لائن نمبر والی پتنگیں تقسیم کی گئیں۔ روشنی ہیلپ لائن کے بانی اور صدر محمد علی نے بتایا کہ گم شدہ بچوں سے متعلق اطلاعات اور معلومات صرف متاثرین تک ہی محدود رہتی ہیں۔ اس تقریب کا مقصد اس مسئلے کی آگہی میں اضافہ کرنا اور ’’امیدوں کی اڑان‘‘ کے تحت پتنگ کو کراچی کے شدید متاثرہ علاقوں لوگوں تک رسائی کا ذریعہ بنانا اور انہیں اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل 27 مارچ 2016ء کو محمود آباد پارک کراچی میں ’’امیدوں کی اڑان‘‘ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں 3 ہزار پتنگیں تقسیم کی گئی تھیں اور اس کے نتیجے میں3 بچے بازیاب ہوئے تھے، اس تقریب میں بھی 3ہزار پتنگیں تقسیم کی گئی ہیں۔ محمد علی نے بتایا کہ ان کی تنظیم کا قیام 2005ء میں عمل میں آیا تھا اور ان 11 برسوں کے دوران روشنی ہیلپ لائن اب تک 982 بچوں کو محفوظ انداز میں ان کے والدین کے حوالے کر چکی ہے۔ علاوہ ازیں محمد علی نے تقریب کے شرکا کو حفاطتی تدابیر اور کسی بچے کے گم ہوجانے پر بلا تاخیر کیے جانے والے اقدامات سے متعلق معلومات بھی فراہم کیں۔ تقریب میں گم شدہ بچوں کے وارثین اور دیگر افراد نے بھی شرکت کی اور پتنگ بازی میں حصہ لیا۔