پنجاب اوربلوچستان میں مختلف ٹریفک حادثات کے باعث14افرادجاں بحق ہوگئے

128

سرگودھا/سیالکوٹ/ٹیکسلا/کوئٹہ(آن لائن) پنجاب اوربلوچستان میں مختلف ٹریفک حادثات کے باعث14افرادجاں بحق ہوگئے‘سرگودھامیں مسافر بس اورٹرالرمیں تصادم سے 5افراداورسیالکوٹ میں گاڑی نہر میں گرنے سے ماں اوراس کی 3بیٹیاں چل بسیں‘ ٹیکسلا میں گاڑی کی ٹکرسے موٹرسائیکل سوار3 افراد جاں بحق ہوگئے‘کوئٹہ میں ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت 2 افرادجان سے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں بھیرہ کے قریب موٹر وے پر بس اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے‘ مسافر بس پشاور سے لاہور جا رہی تھی موٹر وے پر سامنے سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی‘ جاں بحق ہونے والے 5افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔پولیس اورریسکیو ٹیموں نے امدادی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا۔سیالکوٹ میں سمبڑیال ڈسکہ روڈ پر ملکھانوالہ کے قریبتیز رفتارگاڑی بے قابو ہو کر نہر اپر چناب میں جا گری جس میں سوار ایک ہی خاندان کے 4 افراد 40سالہ نازیہ زوجہ محمود اور اس کی3 بیٹیاں 17سالہ عائشہ،10سالہ کنزیٰ اور 6 سالہ ہاجرہ ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں۔ ٹیکسلا میں انڈر پاس سرائے کالا چوک میں نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے موٹر سائیکل سوار 3 افراد لقمہ اجل بن گئے ‘ہلاک ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جس میں 4سالہ بچہ بھی شامل ہے‘ گاڑی موقع سے فرار ہوگئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹرپولیس موقع پر پہنچ گئی نعشوں کو اسپتال ٹیکسلا منتقل کردیا۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بس اور رکشے میں تصادم کے باعث خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ایک زخمی ہو گیا‘ زخمی کو فوری طور پراسپتال پہنچایا گیاجبکہ بس ڈرائیور فرارہو گیا۔