ایم کیو ایم والے بھٹکے ہوئے ہیں: مصطفی کمال

150

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے بھٹکے ہوئے ہیں ان کو تبلیغ کرنا ہماری ذمے داری ہے، ہم کسی ظالم کو ظلم نہیں کرنے دیں گے ،ہم ظالم کا راستہ روکیں گے، ہم نے ظالم کے آگے سر جھکانے سے زیادہ سر اٹھانے کو ترجیح دی،اگر عوام نے ظلم پر خاموشی اختیار کرنی ہے تو پھر کسی چیز کی شکایت نہ کریں، جس روز ایم کیو ایم سے مینڈیٹ چھین جائے گااس دن الطاف حسین کے خلاف کارروائی ہو جائے گی،ڈاکٹرفاروق ستار اپنے ننھے ننھے کاندھوں سے گرتی ہوئی دیوار کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔وہ اتوار کو ضلعی وسطی حیدری پارکنگ ایریا اور گلستان جوہر میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر رضا ہارون اور دیگر بھی موجود تھے ۔ مصطفی کمال نے کہا کہ الطاف حسین رات کو مغلضات بکتے تھے اور صبح معافی مانگ لیتے تھے، قدرت کا نظام دیکھیں جو باتیں ہم کر رہے تھے ،الطاف حسین نے خود ان پر صداقت کی مہر لگا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سے زیادہ معلومات فاروق ستار اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے پاس ہیں لیکن وہ دنیاوی آسائشوں کی خاطر سچ نہیں بولتے۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے اپنے” را” سے تعلقات کے متعلق برطانوی پولیس کے آگے اقبال جرم کیا ہے،برطانیہ کی پولیس نے تمام رہنماؤں سے بھارت کی ایجنسی “را”سے فنڈنگ کی معلومات حاصل کیں اور ثبوت پیش کیے ہیں، جس دن متحدہ سے مینڈیٹ چھن جائے گا اس دن الطاف حسین کے خلاف کارروائی ہو جائے گی۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ارباب اختیار سے کہنا چاہتا ہوں کہ شہر کے وارث میرے ساتھ ہیں،اب یہ جھوٹا مینڈیٹ نہیں رہے گا، اب ہم اپنی قوم کے لوگوں اور بالخصوص نوجوانوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، الطاف حسین 20 برس سے'”را” کے ایجنٹ ہیں، الطاف حسین سے لاتعلقی کا اظہار کر کے فاروق ستار نے ہماری ہر بات کو سچ ثابت کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پرچم کو ماننے والا ہر شخص ہمارا بھائی ہے، بھٹکے ہوئے لوگوں کو بھی سینے سے لگا کے در ست راہ پر لانا ہے،اداروں میں جاکر ایم کیو ایم کے کارکنوں کی رہائی کے لیے منتیں کیں اور آج عوام کا ہم پر اعتماد اسی محنت کا نتیجہ ہے۔