فیصل آباد ،جماعت اسلامی کے تحت متاثرین میں راشن پیک کی تقسیم

297

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113 میں ایک ہزار مستحقین میں راشن کی تقسیم، مستحقین میں نقد رقوم اور سستے بازار کے ذریعے 20 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے عوام کو سہولیات دی گئیں۔ زونل امیر رانا طہٰ کی نگرانی میں ہونیوالے اس ریلیف پروگرام میں جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد انور اور کارکنان کی کثیر تعداد نے بھی دن رات ایک کیے رکھا اور عوام کو ان کی دہلیز پر راشن پہنچایا جبکہ سستے بازار میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیا کے اسٹال لگا کر بغیر منافع کے عوام کو کھانے پینے کی اشیا دی جارہی ہیں۔ زونل امیر رانا طہٰ خاں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے 22 کروڑ عوام پریشان حال ہیں جبکہ حکومت کے نام نہاد ریلیف پیکیجز صرف کاغذوں کی حد تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ حکومت 22 کروڑ عوام کے بجلی و گیس کے بلز معاف اور راشن گھروں تک پہنچائے، مشکل میں گھری عوام کے لیے حکومتی بیانات محض طفل تسلیاں ہیں، بھوک اور فاقہ کشی سے مجبور ہو کر لوگ اپنے بچوں کو قتل اور خودکشیاں کررہے ہیں، حکومت نے اب تک جتنے بھی اقدامات کیے ہیں وہ دکھاوے کے سوا کچھ نہیں۔ مسلسل لاک ڈاؤن کے باعث عوام سطح غربت سے نیچے جاچکے ہیں۔ حکومت رواں سال کے ہر قسم کے ٹیکس معاف کرنے کا اعلان کرے۔ زونل امیر پروفیسر مظہر نعیم رندھاوا فیصل آباد جماعت اسلامی الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے کورونا کی وبا سے بے روزگار ہونیوالے افراد کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان مستحق افراد کو ڈھونڈ کر ان کی دہلیز تک کھانے پینے کی اشیا پہنچانے کے لیے دن رات فی سبیل اللہ کام کررہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے 116 سرکاری اداروں کو خود مختاری کا درجہ دینے کا فیصلہ ناقابل فہم ہے، اس سے ہزاروں ملازمین کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا، حکومت اداروں سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ اور سیاسی مداخلت کی روک تھام پر کام کرے، خود مختار انتظامیہ اداروں کے کھربوں روپے کے اثاثہ جات کو اونے پونے فروخت کرنے کی مجاز ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کے نرخوں میں مزید 15 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔ تیل کی قیمت 14 ڈالر فی بیرل تک آگئی ہے، لہٰذا حکومت پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 50 روپے کمی کرے۔