تمام ایل این جی منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کئے جائیں، وزیراعظم

274

وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ تمام ایل این جی منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کئے جائیں۔ایل این جی منصوبے سے عوام کو سستی بجلی مہیا ہوگی اور 2018کے گھریلو اور صنعتی صارفین کو وافر بجلی میسر کریں گے۔

پیر کو وزیراعظم محمد نواز شریف سے وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران وزیرپٹرولیم نے کہا کہ آئندہ سال گڈو اور نندی پور بجلی گھروں کو گیس کی فراہمی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے ہیں اور گیس کی تقسیم و ترسیل کے نظام کی اپ گریڈیشن کیجارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں تیل و گیس کی تلاشی کا کام جاری ہے،کمپنیوں نے مختلف مقامات پر تیل و گیس کے ذخائر دریافت کیئے ہیں،تیل و گیس کی دریافت حکومت کی پالیسیوں کے باعث ممکن ہوئی ہے،ایل این جی ٹرمینلز کے قیام اور گیس پائپ لائن بچھانے کا کام جاری ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ منصوبوں کی شفافیت اور قوائد و ضوابط پر عمل یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام ایل این جی منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کئے جائیں،ایل این جی منصوبے سے عوام کو سستی بجلی مہیا ہوگی اور 2018کے گھریلو اور صنعتی صارفین کو وافر بجلی میسر کریں گے،ہمارے مختلف شعبوں میں تیزی سے ترقی ہورہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں ہمارے مختلف شعبوں میں میگا پراجیکٹس ہماری کارکردگی کا عملی ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو علم ہے ہماری سیاست کا محور ملک و عوام کی خدمت کرنا ہے۔