سویڈن میں رواں سال مارچ میں لاپتہ ہونے والے پاکستانی صحافی ساجد حسین کی لاش مل گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سویڈین میں جلا وطنی کی زندگی گزارنے والے صحافی کی لاش اُپسالہ شہر کے باہر دریائے فائیرس کے کنارے سے ملی ہے۔
پولیس کے ترجمان جونس ایرونن نے اے ایف پی کو بتایا کہ ساجد حسین کی لاش 23 اپریل کو دریائے فائیرس کے کنارے سے ملی۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ساجد حسین سٹاک ہوم سے 60 کلومیٹر دور شہر اُپسالہ میں وزٹنگ پروفیسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ وہ مارچ کی دو تاریخ کو لاپتہ ہوگئے تھے۔
ایرونن کا کہنا ہے کہ ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے ان خدشات کو رد کیا ہے کہ وہ کسی جرم کا شکار ہوئے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی موت میں مجرمانہ فعل کے امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا ہے۔ان کے بقول ساجد حسین کی موت حادثہ یا خودکشی کا نتیجہ بھی ہو سکتی ہے۔