سعودیہ کا 20 ہزار پاکستانی خاندانوں کے لیے راشن تقسیم

255

سعودی وزارت اسلامی امور کے ماتحت ادارے دعوہ سینٹر کے زیر اہتمام جمعے کو اسلام آباد میں20 ہزار پاکستانی خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے گئے ہیں۔

اس موقعے پر پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قاری بھی موجود تھے۔سعودی سفیر نے کہا کہ اسلام آباد میں 20 ہزار راشن بیگز مستحق خاندانوں میں تقسیم کر رہے ہیں۔اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے دعوہ سینٹر کی جانب سے 20 ہزار پاکستانی خاندانوں میں راشن کی تقسیم کو بھی سراہا۔نور الحق قادری نے کہا کہ ‏سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی پاکستان کا ہر حال میں ساتھ دیا ہے۔

خیال رہے اس سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے فلاحی ادارے کی طرف سے 16 کروڑ 61 لاکھ روپے مالیت کا امدادی سامان تقسیم کیا گیا تھا۔

یہ امدادی سامان حکومت پنجاب کے تعاون سے لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں تقسیم کیا گیا تھا۔شاہ سلمان کے فلاحی ادارے ‘کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹرکے پاکستان میں قائم دفتر کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے راشن بیگز کی صورت میں امدادی سامان اسلام آباد میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے سپرد کیا تھا۔