پشاور(آن لائن)اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں قائم فنانشل انٹیلی جنس یونٹ ( ایم ایف یو ) نے منی لانڈرنگ اور ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام کے لیے مشکوک ٹرانزیکشنز کی رپورٹس بھجوانے کے لیے ریڈ فلیگ انڈیکٹرز طے کر دیے جس کے تحت انتہائی خطرناک افراد کی پہلے مرحلے میں ہی نشاندہی کر کے تمام تر توانائی تحقیقات پر صرف کی جائے گی اورمعمولی جرائم پروقت ضائع نہیں ہوگا۔ایف ایم یو نے ریڈ فلیگ انڈیکٹرز کی تفصیلات رپورٹنگ انسٹی ٹیوشنز کو ارسال کردی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ اب صرف ان افرا د کے مشکوک ٹرانزیکشنز ایف ایم یو کو ارسال کی جائے گی جن کے پا سپورٹس ، شناختی کارڈز ، لائسنس اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ میں شامل جرائم کی بنیاد پر منسوخ کیے گئے ہیں ،ریڈ فلیگ انڈیکٹرز کا مقصد غیر ضروری مشکوک ٹرانزیکشنز کی رپورٹس بھیجوانے کے عمل کو روکنا ہے تاکہ حقیقی مشکوک ٹرانزیکشنز کی تحقیقات کر کے قصور واروں کو سزائیں دی جا سکیں ۔