پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہے کہ کورونا سے ڈاکٹر یا طبی عملہ کی موت پر 70 لاکھ کا پیکج ملے گا، صوبے میں اب تک 2627 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 146 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ طبی عملہ کورونا کا فرنٹ لائن پر مقابلہ کر رہا ہے۔ صوبائی حکومت لاک ڈاؤن میں نرمی کا سوچ رہی ہے، تاہم جو دکاندار ایس او پیز پر عمل نہیں کرے گاوہ سیل ہی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب تک 654 کورونا مریض صحت یاب ہوئے ہیں، مریضوں کی سہولت کے لیے 330 قرنطینہ سینٹرز کام کر رہے ہیں۔ ہم نے کورونا کے ساتھ غربت کا بھی مقابلہ کرنا ہے، وزیراعلیٰ محمود خان صورتحال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔