کاٹیج انڈسٹری اور چھوٹے تاجروں کو توجہ دینے سے غربت کم ہو گی، سعیدہ بانو

175

کراچی(اسٹاف رپورٹر )ایف پی سی سی آئی نے کہا ہے کہ حکومت کاٹیج انڈسٹری اور چھوٹے تاجروں کو توجہ دے جس سے غربت کم ہو گی اور بہت سے ملکی مسائل حل ہو جائیں گے۔ سی پیک پر ہر تین سو کلومیٹر کے بعد کاٹیج انڈسٹریل زون بنائے جائیں تاکہ چھوٹے کاروبار ترقی کر سکیں۔تاجر خواتین کی فلاح و بہبود تو ترجیح دینے سے ملکی کی اقتصادیات کا نقشہ بدل جائے گا۔ یہ بات ایف پی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے کاٹیج انڈسٹری اورا سمال ٹریڈرز کی چیئر پرسن سیدہ سعیدہ بانو اور کمیٹی کے سینئر وائس چیئرمین راجہ حسن اختر نے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری ، چھوٹے تاجروں اور خواتین کا نظر انداز نہ کیا جائے کیونکہ پاکستان کے 96 فیصد سے زیادہ کاروبار کاٹیج انڈسٹری اورچھوٹے کاروبار پر مشتمل ہیں جنھیں توجہ دیے بغیر معیشت ترقی نہیں کر سکتی جبکہ ملکی آبادی کا نصف سے زیادہ خواتین پر مشتمل ہے جنھیں قومی دھارے میں شامل کرنا ضروری ہو گیاہے۔ سیدہ سعیدہ بانو اور راجہ حسن اختر نے کہا کہ عوام کی فلاح کے لیے ترقیاتی پالیسیوں پر دوبارہ غور کر کے ان میں تبدیلی کی جائے۔