طلباءمحمد بن قاسم کو اپنارول ماڈل بنائیں:سعدیہ راشد

441

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یوم باب الاسلام،اسلامی تاریخ کے عظیم نوجوان سپہ سالار محمد بن قاسم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔شہید حکیم محمد سعید تحریک باب الاسلام کے علمبردار تھے۔

شہید حکیم محمد سعید اپنے قائم کردہ ہمدرد پبلک اسکول میں یہ دن شایان شان طریقے ہر سال سے مناتے تھے چنانچہ ہر سال یہ تقریب ہمدرد پبلک اسکول میں پروقار طریقے سے منائی جاتی ہے تاہم دنیا بھر میں کورونا کی وبا کے باعث باب الاسلام کی تقریب منعقد نہ کی جا سکی ہے۔

تاہم اس دن کی مناسبت سے ہمدرد پاکستان کی چیرپرسن سعدیہ راشد نے اپنے پیغام میں محمد بن قاسم کی اسلامی خدمات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد بن قاسم ایک اولوالعزم اور فہم و فراست کا حامل بہادر فوجی سپہ سالار تھے۔

جنہوں نے 17 سال کی عمرمیں سندھ فتح کر کے اس خطے میں اسلام کی روشنی پھیلائی اور اپنی خداداد انتظامی صلاحیت،سیاسی سوجھ بوجھ،انصاف پسندی اور مساویانہ سلوک سے سندھ کے لوگوں کے دل جیت لیے۔

محمد بن قاسم کی فتح سندھ سے برصغیر پاک و ہند پر دوررس مذہبی،سیاسی اور سماجی اثرات مرتب ہوئے۔انہوں نے محمد بن قاسم کی فوج کے روٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مدینتہ الحکمہ ٹھیک اس زمین پر قائم ہے جہاں محمد بن قاسم کی فوج نے سرزمین سندھ میں داخل ہو کر سب سے پہلا پڑاؤ کیا تھا۔

متعدد مورخین اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے نوجوان طلباء کو پیغام دیا کہ وہ محمد بن قاسم کو اپنا رول ماڈل بنائیں،اس کی عظیم شخصیت اور کارناموں میں ان کے لیے بہت سے سبق موجود ہیں۔