سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کےقائم مقام وائس چانسلرکی اساتذہ کو جیل بھیجنے کی دھمکیاں

39

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے اساتذہ کو قائم مقام وائس چانسلرڈاکٹر محمد علی شیخ کی طرف سے بلاجواز وضاحتی نوٹس جاری کرتے ہوئے اساتذہ کو جیل بھیجنے کی دھمکیاں دینے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آن لائن ٹریننگ کے دوران ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمینٹ سیل کے مبینہ غیر اخلاقی رویے پر اساتذہ نے جامعہ کے واٹس ایپ گروپ پر شکایت کی تو جواب میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر آگ بگولا ہو گئے۔

اگلے دن آن لائن ٹریننگ کا سیشن بلوا کہ فیکلٹی ممبران کو غنڈہ کہا اور ساتھ ہی وضاحتی نوٹس بھیج دیے جس میں ایک مہذب شکایت کے جواب میں سنگین الزام لگاتے ہوئے گرفتار کروانے اور نوکری سے برخاست کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

ذرائع نے بتایا کہ قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کا رویہ گذشتہ دو ماہ سے اساتذہ کیساتھ ہتک آمیز ہے اور وہ ذرا ذراسی بات پر آپے سے باہر ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے پہلے ڈائریکٹر فنانس کو جبری طور پر نکالا جسے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سیکرٹریٹ نے دوبارہ بحال کر دیا لیکن اس بحالی کے حکم کو قائم مقام وائس چانسلر نے ماننے سے انکار کر دیا۔

بعد ازاں رجسٹرار کو برطرف کیا جس کو عدالت نے بحال کیا اور اب ان کی توپ کا رخ یونیورسٹی کے اساتذہ کی جانب ہو چکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ قائم مقام وی سی کے غیر قانونی اقدام کے باعث جامع کے اساتذہ و دیگر ملازمین کو سخت ذہنی دباؤ کا سامنا ہے اور تعلیمی حلقوں میں وائس چانسلر کے اس اقدام پرشدید غصہ پایا جا رہا ہے۔