ویلنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق کیوی کپتان برینڈن میکولم نے ممکنہ بھارتی سازش کا پردہ چاک کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے رواں برس شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئندہ سال تک موخر کیا جا سکتا ہے جب کہ اکتوبر اور نومبر میں آئی پی ایل کو ممکن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ 38 سالہ برینڈن میکولم کے مطابق اگر انہیں شرط لگانے کا کہا جائے تو انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد خطرے سے دوچار دکھائی دے رہا ہے کیونکہ موجودہ حالات میں 16 ٹیموں اور ان کے سپورٹ اسٹاف کے علاوہ براڈکاسٹرز کو مختلف مقامات پر لے جانا اتنا آسان نہیں ہوگا جب کہ انہیں اس بات کا بھی یقین نہیں کہ میگا ایونٹ بند دروازوں میں کھیلا جا سکتا ہے۔آئی پی ایل کی فرنچائز کولکتا نائٹ رائیڈرز کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپکے لیے 2021ء میں کوئی ونڈو تلاش کی جا سکتی ہے جس کی بدولت آئی پی ایل کے رواں برس انعقاد کا دروازہ کھل جائے گا۔سابق کیوی وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل کا بند دروازوں میں انعقاد بھی خارج از امکان نہیں کیونکہ کرکٹ کے دیوانے ملک بھارت میں ٹی وی پر میچز دیکھنے والوں کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہآئی سی سی اور عالمی کرکٹ کو میچوں کے انعقاد کیلئے شائقین کی ضرورت ہے لیکن بھارت کیلئے تجارتی اعتبار سے کوئی مشکل نہیں جہاں کرکٹ کو ٹی وی پر دیکھنے والے کافی ہیں لہٰذا آئی پی ایل کیلئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئندہ برس منتقل ہو سکتا ہے۔