بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں تین سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل تھے جو کہ باپ بیٹا تھے۔
تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر عبد اللہ اور ان کابیٹا کانسٹیبل گل حسن ڈیوٹی کے بعد تھانے سے گھر کے لیے نکلے تھے کہ راستے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دونوں جاں بحق ہوگئے۔
مستونگ ہی کے نواحی علاقے کنڈاؤ میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز فورس کے ایک اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
مستونگ انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ لیویز فورس کے اہلکار کو اس علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نشانہ بنایا۔ انتظامیہ کے ذرائع نے ابتدائی معلومات کے حوالے سے ان کو ٹارگٹ کلنگ کے واقعات قرار دیا۔