دم دار ستارے پر بھیجے جانے والے خلائی روبوٹ کا سراغ مل گیا

188

یورپی خلائی ادارے کی طرف سے دم دار ستارے پر بھیجے جانے والے خلائی روبوٹ فیلے کا سراغ مل گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روزیٹا مشن سے ڈاؤن لوڈ کی جانے والی تازہ ترین تصاویر میں ایک چھوٹا سا روبوٹ صاف دکھائی دے رہا ہے۔

یورپی خلائی ادارے کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انھیں خلائی گاڑی کی شناخت کے بارے میں کوئی شک نہیں ہے۔

فیلے کو روزیٹا مشن سے دم دار ستارے پر 2014ء میں اتارا گیا تھا لیکن زمین سے اس کا رابطہ بیٹری ختم ہونے کی وجہ سے 60 گھنٹے کے بعد ہی منقطع ہو گیا تھا۔

اس نے زمین پر تصویریں اور اپنی لوکیشن کے بارے میں ڈیٹا بھیجا تھا تاہم خلائی روبوٹ کی اصل جگہ ایک معمہ رہی ہے۔

یہ نئی دریافت اس وقت سامنے آئی ہے جب خلائی ماہرین چند ہفتوں میں روزیٹا کو دم دار ستارے پر گرا کر مشن کو باقاعدہ طور پر ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔