پاکستان کاآج اور کل ٹھیک کرنے کیلئے سب کو متحد ہو نا پڑے گا،شہباز شریف

241

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے پنجاب پولیس کی تاریخ خدمت ، دیانت اورعظیم شہادتوں سے عبارت ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے ۔ پاکستان کاآج اور کل ٹھیک کرنے کیلئے سب کو متحد ہو نا پڑے گا۔

منگل کو پولیس کالج سہالہ میں 297پروبیشنرز سب انسپکٹرزکے دوسرے بیج کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہناتھا کہ نوجوان پولیس افسران قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں جو اپنی اعلی تعلیم و تربیت اور جذبہ خدمت پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی سے انصاف کا خون ہونے سے روکیں گے اور مظلوم کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کے مرتکب عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا کر قانون وانصاف کا بول بالا کریں گے۔

شہباز شریف کا کہناتھا کہ انتہائی شفاف طریقے سے مکمل طور پر میرٹ کے مطابق پر خود کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے والے نوجوان ، ان کے والدین اور عزیزو اقارب کے لئے آج کا دن بہت اہم ہے جنہوں نے سخت محنت کے بعد پنجاب پولیس میں شمولیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر قابل فخر ہے کہ نئے بھرتی ہونے والے متعدد پولیس افسران اعلی تعلیم یافتہ ہیں۔