بلوچستان میں فوج پر دہشتگردوں کا حملہ،میجر سمیت 6 شہید

102

کوئٹہ ( نمائندہ جسارت)بلوچستان میں پاک فوج پر دہشت گردوں کے حملے میں میجر سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق واقعہپاک ایران بارڈر کے قریب ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں پیش آیا جہاں معمول کی پٹرولنگ سے واپسی پر سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے حملہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں ایک جوان زخمی بھی ہوا ہے۔ شہید ہونے والوں میںمیجر ندیم عباس بھٹی کا تعلق حافظ آباد، نائیک جمشید میانوالی، لانس نائیک تیمور کا تعلق تونسہ شریف، لانس نائیک خضر حیات کا تعلق اٹک، سپاہی ساجد مردان اور سپاہی ندیم کا تعلق تونسہ شریف سے ہے۔یاد رہے کہ 20 اپریل کو شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے 10 کلومیٹر دور ایک سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔قبل ازیں دسمبر 2019 ء میں شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ایف سی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد کے قریب فرنٹیئر کور کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا تھا۔فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے تھے۔