بھارت سے ادویات کی درآمدحکومتی نااہلی ہے ،سینیٹر مشتاق خان

129

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بھارت سے ادویات کی درآمد کی اجازت دینا کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کی جانیں لے رہا ہے اور ہماری حکومت اس سے جان بچانے والی ادویات درآمد کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔ بھارت لائن آف کنٹرول اور افغان سرحد سے ہماری افواج پر حملے کررہا ہے اور حکومت اس سے ادویات منگوا رہی ہے۔ ادویات اسکینڈل کے براہ راست ذمے دار وزیر اعظم عمران خان ہیں۔ محکمہ صحت میں جتنی بھی کرپشن ہوئی حکومت نے ان میں سے ایک کی بھی نہ تحقیقات کیں، نہ ہی کوئی رپورٹ پیش کی۔ ادویات اسکینڈل کی شفاف تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پہلے آٹے اور چینی کے اسکینڈل نے سر اٹھایا، جس سے مافیا نے اربوں روپے کمائے ، پھر آئی پی پیز اسکینڈل میں بھی مافیا نے قومی خزانے کو اربوں روپوں کا نقصان پہنچایا، اب بھارت سے ادویات کی درآمد کے لیے بھی مافیا سرگرم ہے اوراس میں بھی خوب مال بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیرت انگیز طور پرجتنے بھی اسکینڈلز سامنے آئے ہیں ان میں حکومت ٹیم میں موجود افراد ہی ملوث نکلے ہیں جس کی وجہ سے وزیراعظم ان کے خلاف تحقیقات کرنے یا ان پرہاتھ ڈالنے سے احتراز برت رہے ہیں، جس کا خمیازہ قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آٹا، چینی، آئی پی پیز اور ادویات سمیت دیگر اسکینڈلز میں ملوث مافیا کیخلاف تحقیقات کریں، ان کو بے نقاب کریں اور ان سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل ایک پارلیمانی کمیٹی کو ادویات اسکینڈل کی تحقیقات کا ٹاسک دیا جائے۔