غازی حیدر حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر مقرر۔ آزادی کے سوا دوسرا آپشن نہیں‘ صلاح الدین

356

مظفرآباد/ سرینگر/ جموں (نمائندہ جسارت+اے پی پی) غازی حیدر حزب المجاہدین جموں و کشمیر کے نئے آپریشنل چیف کمانڈر ظفر الاسلام ڈپٹی چیف اور ابو طارق چیف ملٹری ایڈوائزر مقرر۔سپریم کمانڈر سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ آزادکی کے سوا دوسرا آپشن نہیں،قابض قوتوں سے آزادی کے حصول تک مقابلہ جاری رکھنے کا عزم‘ شہید محمد بن قاسم اور محمد عادل کو خراج عقیدت ۔ جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں مجاہد کمانڈر ریاض نائیکو و دیگر نوجوانوں کی شہادت پر لوگوں کا احتجاج روکنے کے لیے5ویں روز بھی سخت پابندیاں عاید، قابض فوج نے مزید 2کشمیریوں کو گرفتارکرکے مجاہدین کو پناہ دینے کے جھوٹے الزام میں مقدمہ درج کرلیاگیا۔وادی میں انٹرنیٹ سروسز معطل ۔ تفصیلات کے مطابقحزب سپریم کمانڈر سید صلاح الدین احمد کی صدارت میں ہونے والے حزب کمانڈ کونسل کے ایک اجلاس میں غازی حیدر کو حزب المجاہدین جموں و کشمیر کا نیا آپریشنل چیف کمانڈر، ظفر الاسلام کو ڈپٹی چیف اور ابو طارق کو چیف ملٹری ایڈوائزر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں حزب چیف کمانڈر محمد بن قاسم شہید اور مجاہد محمد عادل شہیدکو زبردست خراج عقیدت ادا کیا گیا اور اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ریاست کا ہر فرد محمد بن قاسم کی طرح قابض قوتوں کا مقابلہ حصول آزادی تک جاری رکھے گا۔ اجلاس میں مجاہدین کشمیر کو بالعموم اور حزب المجاہدین کے قافلہ سخت جان سے وابستہ مجاہدین کی عزم وہمت کو بالخصوص خراج تحسین پیش کیا گیا جو سامان حرب و ضرب کم ہونے کے باوجود ایک طاقتور دشمن کا دلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں اوراس طرح قرون اولیٰ کے مجاہدین کی یادتازہ کرتے ہیں۔اجلاس میں جموں و کشمیر کے عوام کے جذبہ حریت کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ 5اگست سے مکمل لاک ڈاون، کرفیو اور 9 لاکھ سے زاید بھارتی فورسز کے ہر ظلم و تشدد کے باوجود جذبہ آزادی سے سرشار قوم دنیا کو یہ واضح پیغام دے چکی اور دے رہی ہے کہ بھارت سے مکمل آزادی کے سوا کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ اجلاس میں عالمی برادری کے بے حس رویے پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ اس طرح کے حالات جن کا کشمیری قوم سامنا کررہی ہے ایسے حالات کسی بھی وقت کسی بڑے انسانی المئے کو جنم دے سکتے ہیں اور جس کے نتائج انتہائی خطرناک ثابت ہونگے۔اجلاس میں شہید محمد بن قاسم? اور شہید محمد عادل سمیت تمام شہداء کشمیر کی بلندی درجات کی دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تحریک آزادی پوری قوت سے جاری رہیگی اور شہداء کے مقدس خون کے ساتھ کسی کو بھی کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مجاہد کمانڈر ریاض نائیکو اور دیگر نوجوانوں کی شہادت پر لوگوں کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کے لیے اتوار کو مسلسل 5 ویں روز بھی وادی کشمیر میں سخت پابندیاں عاید رہیں،بھارتی فورسز نے ضلع بڈگام میں دونوجوانوں کو گرفتارکرکے ان پر مجاہدین کے لیے کام کرنے کا الزام لگایا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے جاری رکھنے کی اپیل کی ہے۔ حریت کانفرنس نے اپنے احتجاجی پروگرام میں لوگوں سے کہا ہے کہ نماز عشاء کے بعد اپنے گھروں کی چھتوں پر اذانیں دیں تاکہ بھارتی تسلط اور کوروناوائرس سے نجات کے لیے اللہ تعالیٰ سے مددطلب کی جائے۔ ضلع پلوامہ میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز جبکہ پوری وادی میں ایس ایم ایس اور موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے پیر کے روز شہدا ء کے گھروں میں خصوصی دعائیہ مجالس کا اہتمام کرنے کے لیے بھی کہاہے اور سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کوان اجتماعات میں اپنی شرکت یقینی بنانے پر زوردیا ہے۔ ادھر مقبوضہ کشمیر میں ہائیکورٹ نے قابض حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس بات پرجواب طلب کیا ہے کہ آیا بھارتی حکومت کی جانب سے گزشتہ سال کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد مستقل رہائشی سند (پی آر سی) کی ضرورت ہے یا نہیں۔