لاک ڈاؤن کے دوران ایک اور نایاب نسل کے تیندوے کی تصویر سامنے آگئی ہے جسے 5 مئی کی صبح 5 بجے مارگلہ ہلز نیشنل پارک ٹریل فائیو پر دیکھا گیا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق تیندوا ڈبلیو ڈبلیو ایف کے کیمرے پر نظر آیا۔خطرناک نسل کا تیندوا ٹریل فائیو پارکنگ سے صرف 500 میٹر دور تک آ پہنچا تھا۔
تیندوے کی تصویر محکمہ وائلڈ لائف کے بجائے ورلڈ وائلڈ لائف فاؤنڈیشن نے جاری کی ہے۔
نتھیا گلی کے قریب ایک شہری دیر تک ایک تیندوے کی ویڈیو عکس بندی کرتا رہا اور تیندوا لب سڑک سیفٹی بلاک پردیر تک اٹھکیلیاں کرتا رہا۔
شہری کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئیں تیندوے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں اور عوام نے اس پر اپنی مختلف آرا شیئر کی تھی۔
گلیات میں پائے جانے والے تیندوے پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے قریبی آبادیوں کا رخ کرتے ہیں جہاں وہ مقامی لوگوں کے پالتو مویشیوں کو نشانہ بنانے ہیں جبکہ گلیات میں یہ خونخوار تیندوے کئی انسانی جانوں کو بھی نشانہ بنا چکے ہیں۔
شہریوں نےمتعلقہ حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ جنگل میں پائے جانے والے چیتوں کے لیے خوراک کا بندوبست کریں کیونکہ چیتے آبادیوں کا رخ کرکے نہ صرف لوگوں کے پالتو جانوروں بلکہ انسانوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں۔ماضی میں چیتوں کے حملے میں کئی لوگ اپنی جان گنوا بیٹھتے ہیں۔